پربھات پٹیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مانا کہ سبھی سے یہ چھپائی نہیں جاتی (غزل)
مانا کہ سبھی سے یہ چھپائی نہیں جاتی
دولت بھی مگر غم کی لٹائی نہیں جاتی
ہم آئے بڑی دور سے دیدار کو تیرے
تجھ سے ذرا چلمن بھی ہٹائی نہیں جاتی
دنیا میں محبت کے سوا اور بھی ہیں کام
الفت کے لیے نیند گنوائی نہیں جاتی
انصاف ہو کیسے کہ عدالت میں کبھی جب
تصویر صداقت کی دکھائی نہیں جاتی
اس نے ہیں سہے کتنے ستم کس کو ہے معلوم
سر پہ یوں ہی دنیا یہ اٹھائی نہیں جاتی
ہوتا جو مرے بس میں مٹا دیتا اسے پر
ہاتھوں کی لکیر ایسے مٹائی نہیں جاتی
مذہب کا حسد پال کے رکھا ہے سبھی نے
پر آگ سے یہ آگ بجھائی نہیں جاتی
حسن پل پل نکھرتا رہا (غزل)
حسن پل پل نکھرتا رہا
عشق حد سے گزرتا رہا
میں نے دل میں بسایا جسے
وہ ستم روز کرتا رہا
پاس تھا وہ مگر ہجر سے
عمر بھر دل یہ ڈرتا رہا
تیرگی تھی افق تک مگر
ایک سورج ابھرتا رہا
زیست کرتی رہی بس ستم
ٹوٹ کر میں بکھرتا رہا
خالی دل کا مکاں دیکھ کر
درد مہماں ٹھہرتا رہا
موت ہے ہم سفر آخری
کس کی خاطر سنورتا رہا