پربھات کمار سرور لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری بات سن مرے ہم نفس مرے ساتھ اب تو وفا نہ کر (غزل)
مری بات سن مرے ہم نفس مرے ساتھ اب تو وفا نہ کر
میں چراغ ہوں جو بجھا ہوا مجھے روشنی کی دعا نہ کر
میں وہ اشک ہوں جو گرا نہیں میں وہ درد ہوں جو ہوا نہیں
مرا ظرف مجھ سے ہے کہہ رہا مرے زخم کی تو دوا نہ کر
تری آرزو میں سنور گیا تری جستجو میں بکھر گیا
تری سازشوں میں جو راز ہے تو کبھی بھی اس کو کہا نہ کر
مرا ہم سفر بھی رہا ہے تو مری ہر غزل میں چھپا ہے تو
مری دھڑکنوں سے تو آ کے مل مجھے رہ گزر میں ملا نہ کر
یہ سمجھ لے سرورؔ غم زدہ وہ رحیم ہے وہ کریم ہے
جو لکھا ہے اس نے نصیب میں کبھی اس کا شکوہ گلہ نہ کر
میرے حصے میں اب بچا کیا ہے (غزل)
میرے حصے میں اب بچا کیا ہے
اب سنا دو کہ فیصلہ کیا ہے
اس کا ساحل بھی ڈوب جائے گا
اس کی سازش میں یہ چھپا کیا ہے
وہ جو مل جائے اس سے پوچھوں گا
میرے بارے میں سوچتا کیا ہے
جس سے رشتہ نہیں ہے اب کوئی
اس سے ملنے میں پھر برا کیا ہے
سوچتا ہوں کہ اس زمانے سے
بچ نکلنے کا راستہ کیا ہے
تو خداؤں سے گھر گیا ناصح
تیری باتوں میں اب دھرا کیا ہے
اس کا احساس ہے مگر سرورؔ
میں نہیں جانتا خدا کیا ہے