Poonam Prakash کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس ایک بات کا ہوتا رہا ملال مجھے (غزل)
اس ایک بات کا ہوتا رہا ملال مجھے
کہ تھک رہا تھا وہ مشکل میں ڈال ڈال مجھے
اسی سبب میں تبسم کا پیرہن پہنوں
کہ اس میں غم بھی مرا کہتا ہے کمال مجھے
کوئی توقع نہ رکھا کرو کبھی مجھ سے
خود اپنا ہی نہیں رہتا کوئی خیال مجھے
تجھے بھلا کے بھی خود کو نہ یاد کر پائی
عجیب روگ نے رکھا ہے کب سے پال مجھے
مرے سوا مرے بھیتر کوئی یقیناً ہے
پکارتا ہے جو اکثر کہ اب نکال مجھے
بھلا رکا ہے یہاں کون وقت آنے پر
نہ روک پائے گا دنیا ترا جمال مجھے
میں آج ہو ہی گئی خود سے دیکھ لے بیزار
کہا تھا میں نے کہ اتنا نہیں سنبھال مجھے
نیند مدت سے جی چرائے ہوئے (غزل)
نیند مدت سے جی چرائے ہوئے
اور ستارے گنے گنائے ہوئے
شب کے آنے پہ آنکھ کھولیں گے
ہم اجالوں سے خوف کھائے ہوئے
شرط سانسوں کی خامشی ہے اور
دل ہے دھک دھک کی رٹ لگائے ہوئے
آئنہ دیکھتے نہیں ہم اب
یاد آ جاتے ہیں بھلائے ہوئے
خوف رہتا نہیں بچھڑنے کا
ہم ہیں اک فاصلہ بنائے ہوئے
ہائے اب جا کے یہ کھلا ہم پہ
ہم تھے پتھر سے سر ٹکائے ہوئے
خوشبوئیں دیں گے رنگ دیں گے گلاب
درد کیا دیں گے درد پائے ہوئے
راستا آہٹوں کا تکنے میں
آنکھ بینائی ہے گنوائے ہوئے
ساتھ اپنے تجھے زمانہ ہوا
بیٹھ کر چار پل بتائے ہوئے