پونم میرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آب دریا ہوں پیاس بھی ہوں میں (غزل)
آب دریا ہوں پیاس بھی ہوں میں
سب مصائب سے اب بری ہوں میں
شب نگہبان اب تری ہوں میں
سرخ رو رہ کہ جاگتی ہوں میں
ہر ورق پر ملے گی پیاس تمہیں
ایک روداد تشنگی ہوں میں
وصل کچھ یوں بھی ہے تخیل میں
ہجر کے گیت گا رہی ہوں میں
کل امیری تھی میں مسرت کی
آج دولت کی مفلسی ہوں میں
میں ہوں اک منہدم سا دروازہ
داستاں انتظار کی ہوں میں
وہ ستارا ہے شام کا اول
رات کی آخری گھڑی ہوں میں
جو سدا کوئے جاں سے آتی ہے
اس کو دنیا میں ڈھونڈھتی ہوں میں
صاحب روشنی ہے وہ میراؔ
دم بہ دم ایک تیرگی ہوں میں
دشت آنکھوں میں تھا آواز میں ویرانی تھی (غزل)
دشت آنکھوں میں تھا آواز میں ویرانی تھی
کھا گیا شہر اسے کہتے ہیں دیوانی تھی
لمس اک دھوپ کا کافی تھا سمجھ جانے کو
برف تھا جسم مگر روح رواں پانی تھی
جب تلک عشق سناتا رہا ہم سنتے رہے
بعد اس کے تو کہانی بڑی بے معنی تھی
ایک لحظے میں نظر آ گیا تھا سچ ہم کو
زیست آنکھوں سے گزرتی ہوئی عریانی تھی
دیکھتے دیکھتے آنکھوں میں اتر آئی تھی
ہر نظارے میں نہاں اک نئی حیرانی تھی
میں نے خود پر کبھی ہونے نہ دی ظاہر لیکن
مجھ میں تیری کمی ہر شخص نے پہچانی تھی
تم نے بے کار ہی ہاتھوں کو جلایا میراؔ
آگ کچھ دیر میں ویسے بھی تو بجھ جانی تھی