پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پیر شیر محمد عاجز کی غزلیں — Peer Sher Mohammad Ajiz Ghazals

پیر شیر محمد عاجز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ تو میں حور کا مفتوں نہ پری کا عاشق (غزل)

نہ تو میں حور کا مفتوں نہ پری کا عاشق

خاک کے پتلے کا ہے خاک کا پتلا عاشق

سخت جانی سے فقط میں ہی رہا ہوں زندہ

مر گئے ورنہ غم ہجر سے کیا کیا عاشق

سرو و قمری گل و بلبل ہیں اسی کے جلوے

آپ معشوق ہے وہ آپ ہے اپنا عاشق

عشق کامل میں تو حاجت عمل حب کی نہیں

قیس معشوق بنا ہو گئی لیلا عاشق

بند آنکھیں تھیں ابھی مجھ کو جو لایا صیاد

نہ تو ہوں سرو کا وارفتہ نہ گل کا عاشق

پہلے ہی کاتب تقدیر نے لکھا تھا ہمیں

تیرا بندہ ترا فدوی ترا رسوا عاشق

آرزو ہے مری میت پہ وہ روئے کہہ کر

ہے یہ عاجزؔ مرا شیدا مرا پیارا عاشق

آئے ہیں بادہ نوش بڑی آن بان پر (غزل)

آئے ہیں بادہ نوش بڑی آن بان پر

میلہ لگا ہے پیر مغاں کی دکان پر

ساقی عطا ہو اب مجھے ساغر شراب کا

چھائی ہوئی ہے کیسی گھٹا آسمان پر

روتے ہیں تیرے عشق میں اے رشک ماہ جب

کرتے ہیں لوگ خندہ ہماری فغان پر

پیدا ہوا اثر نہ کبھی میری آہ میں

کھایا نہ اس نے رحم کبھی بے زبان پر

اے کاش یہ نصیب کریں اتنی یاوری

پہنچوں کبھی میں شب کو تمہارے مکان پر

کس شان سے وہ آج گئے ہیں عدو کے گھر

مجھ سے بگڑ کے پہنچے ہیں وہ آسمان پر

اللہ شب فراق میں وہ آہ و زاریاں

ہر وقت صدمے کیسے ہیں مجھ نیم جان پر

لکھا جو خط شوق انہیں میں نے ہجر میں

رونے لگے رقیب بھی میرے بیان پر

یا رب ترے ہی فضل کا امیدوار ہوں

کھاتا نہیں ہے رحم کوئی ناتوان پر

ہر دم ترے فراق میں پھرتا ہوں سو بہ سو

لاکھوں بلائیں آتی ہیں عاجزؔ کی جان پر

مزید غزلیں از پیر شیر محمد عاجز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں