پیر اکرم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرے لیے تو یہ سانحہ بھی نیا نہیں تھا (غزل)
مرے لیے تو یہ سانحہ بھی نیا نہیں تھا
مسافت جاں کا ہم سفر بھی مرا نہیں تھا
لبوں پہ پہنچے تو نیم جاں تھے حروف سارے
سماعتوں کا کوئی دریچہ کھلا نہیں تھا
نہ مل سکی اس کو روشنی کی کوئی بشارت
کہ تیرگی کا عذاب اس نے سہا نہیں تھا
نگاہ گلشن میں جو کھٹکتا تھا خار بن کے
گلے لگا کر اسے جو دیکھا برا نہیں تھا
وہ صاحب اختیار و مسند وہ میرا منصف
وہ حاکم مطلق العنان تھا خدا نہیں تھا
حریم جاں میں مہک رہا ہے وہ حرف خوشبو
کہ جو ابھی شاخسار لب پر کھلا نہیں تھا
ذوق پرواز کی اتنی تو پذیرائی کر (غزل)
ذوق پرواز کی اتنی تو پذیرائی کر
پر شکستہ ہوں جو میں حوصلہ افزائی کر
دل خوش فہم کو دے پھر کوئی خوش رنگ فریب
پھر کسی رسم سے تجدید شناسائی کر
کوئی خورشید بھی منظر کا مقدر کر دے
صرف روشن نہ یہ بجھتی ہوئی بینائی کر
کون سمجھے گا ترے کرب کا مفہوم یہاں
گھر کی دیواروں کو اب محرم تنہائی کر
نقد جاں چھین مگر شیشۂ پندار نہ توڑ
زخم دے مجھ کو نہ احسان مسیحائی کر
کچھ ترے طرز عمل پر بھی تو حرف آئے گا
میرے کردار کی اتنی بھی نہ رسوائی کر
اپنی رسوائی کو دنیا کی نظر سے دیکھوں
اس تماشے میں کبھی مجھ کو تماشائی کر
یوں ہی رکھ لے مری دیرینہ رفاقت کا بھرم
اپنی تنہائی میں شامل مری تنہائی کر