پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Payam Fatehpuri کی غزلیں — Payam Fatehpuri Ghazals

Payam Fatehpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہاں سے آ گیا کہاں یہ شام بھی کہاں ہوئی (غزل)

کہاں سے آ گیا کہاں یہ شام بھی کہاں ہوئی

نہ ہم نفس نہ ہم زباں یہ شام بھی کہاں ہوئی

بجھی نظر بجھے قدم نہ راہبر نہ ہم سفر

نہ رہ گزر نہ کارواں یہ شام بھی کہاں ہوئی

نہ شمع دل نہ شمع رخ نجوم شب نہ ماہ شب

نگاہ و دل دھواں دھواں یہ شام بھی کہاں ہوئی

نہ گیسوؤں کی چھاؤں ہے نہ عارضوں کی چاندنی

نہ مانگ کی وہ کہکشاں یہ شام بھی کہاں ہوئی

حیات غم کے بوجھ سے دبی دبی تھکی تھکی

لٹی لٹی سی بزم جاں یہ شام بھی کہاں ہوئی

لگی ہے جیسے آگ سی چتا میں جل رہا ہوں میں

پگھل رہے ہیں جسم و جاں یہ شام بھی کہاں ہوئی

پیامؔ اس مقام پر ہے آج دل کا کارواں

جہاں زمیں نہ آسماں یہ شام بھی کہاں ہوئی

کبھی نغمۂ غم آرزو کبھی زندگی کی پکار ہم (غزل)

کبھی نغمۂ غم آرزو کبھی زندگی کی پکار ہم

کبھی خاک کوچۂ یار ہم کبھی شہریار بہار ہم

کبھی چل پڑے تری راہ میں تو حد جنوں سے گزر گئے

ترے انتظار میں ہو گئے کبھی نقش راہگزار ہم

ہمیں کشتگان حیات سے ہیں جنون عشق کی عظمتیں

کبھی ہنس پڑے تہ تیغ ہم کبھی جھوم اٹھے سر دار ہم

رہے مضطرب کبھی مدتوں غم دہر کی کڑی دھوپ میں

جو سکوں ملا ہے تو سو لیے کبھی زیر گیسوئے یار ہم

تجھے پا سکیں کہ نہ پا سکیں کوئی زندگی کی لگن تو ہے

کہ خوشی سے کیسے اجاڑ دیں تری آرزو کا دیار ہم

غم زندگی سے شکست کیا رہ آرزو میں قدم بڑھا

تو جو ساتھ ہو تو بدل بھی دیں یہ مزاج لیل و نہار ہم

کبھی پاس آ کے نگاہ کر ہے یہ زندگی ترا آئنہ

ترا روپ ہم ترا پیار ہم تری آرزو کا سنگار ہم

قتل ہو اور سر بازار نہ کیوں حیرت ہو (نظم)

قتل ہو اور سر بازار نہ کیوں حیرت ہو

اور پھر قتل سے انکار نہ کیوں حیرت ہو

دعوائے عدل بھی قاتل کی طرف داری بھی

جب ہو یہ عدل کا معیار نہ کیوں حیرت ہو

آج آزاد ہے قانون سے مجرم یکسر

جرم نا کردہ گرفتار نہ کیوں حیرت ہو

کیوں تعجب ہو کہ قاتل کا نگہبان ہے عدل

اور مظلوم سر دار نہ کیوں حیرت ہو

ہم نے انصاف جو چاہا تو سزا پائی ہے

ہے یہ انصاف تو جینے کی فضا کیا ہوگی

اب فقط عدل نہیں زیست کے بھی طالب ہیں

زندگی چاہنے والوں کی سزا کیا ہوگی

قید سے طبع جنوں ساز کہاں رکتی ہے

جبر سے جرأت پرواز کہاں رکتی ہے

عرصۂ زیست ہو زنداں ہو کہ مقتل ہو کہیں

ظلم سے زیست کی آواز کہاں رکتی ہے

ظلم ہوگا تو زباں چپ نہ رہے گی ہرگز

نعرہ ہرگز نہ دبے گا سر دار اٹھے گا

وقت پہچانے گا ظالم کو بھی مظلوم کو بھی

کون قاتل ہے لہو خود ہی پکار اٹھے گا

مزید غزلیں از Payam Fatehpuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں