پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پیر سید نصیر الدین نصیر گیلانی‬ کی غزلیں — Peer Syed Naseeruddin Naseer Gilani Ghazals

پیر سید نصیر الدین نصیر گیلانی‬ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی ان کا نام لینا کبھی ان کی بات کرنا (غزل)

کبھی ان کا نام لینا کبھی ان کی بات کرنا

مرا ذوق ان کی چاہت مرا شوق ان پہ مرنا

وہ کسی کی جھیل آنکھیں وہ مری جنوں مزاجی

کبھی ڈوبنا ابھر کر کبھی ڈوب کر ابھرنا

ترے منچلوں کا جگ میں یہ عجب چلن رہا ہے

نہ کسی کی بات سننا، نہ کسی سے بات کرنا

شب غم نہ پوچھ کیسے ترے مبتلا پہ گزری

کبھی آہ بھر کے گرنا کبھی گر کے آہ بھرنا

وہ تری گلی کے تیور، وہ نظر نظر پہ پہرے

وہ مرا کسی بہانے تجھے دیکھتے گزرنا

کہاں میرے دل کی حسرت، کہاں میری نارسائی

کہاں تیرے گیسوؤں کا، ترے دوش پر بکھرنا

چلے لاکھ چال دنیا ہو زمانہ لاکھ دشمن

جو تری پناہ میں ہو اسے کیا کسی سے ڈرنا

وہ کریں گے نا خدائی تو لگے گی پار کشتی

ہے نصیرؔ ورنہ مشکل، ترا پار یوں اترنا

مری زیست پر مسرت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی (غزل)

مری زیست پر مسرت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

کوئی بہتری کی صورت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

مجھے حسن نے ستایا، مجھے عشق نے مٹایا

کسی اور کی یہ حالت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

وہ جو بے رخی کبھی تھی وہی بے رخی ہے اب تک

مرے حال پر عنایت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

وہ جو حکم دیں بجا ہے، مرا ہر سخن خطا ہے

انہیں میری رو رعایت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

جو ہے گردشوں نے گھیرا، تو نصیب ہے وہ میرا

مجھے آپ سے شکایت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

ترے در سے بھی نباہے، در غیر کو بھی چاہے

مرے سر کو یہ اجازت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

ترا نام تک بھلا دوں، تری یاد تک مٹا دوں

مجھے اس طرح کی جرأت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

میں یہ جانتے ہوئے بھی، تری انجمن میں آیا

کہ تجھے مری ضرورت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

تو اگر نظر ملائے، مرا دم نکل ہی جائے

تجھے دیکھنے کی ہمت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

جو گلہ کیا ہے تم سے، تو سمجھ کے تم کو اپنا

مجھے غیر سے شکایت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

ترا حسن ہے یگانہ، ترے ساتھ ہے زمانہ

مرے ساتھ میری قسمت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی

یہ کرم ہے دوستوں کا، وہ جو کہہ رہے ہیں سب سے

کہ نصیرؔ پر عنایت کبھی تھی نہ ہے نہ ہوگی