پون کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کلیجہ رہ گیا اس وقت پھٹ کر (غزل)
کلیجہ رہ گیا اس وقت پھٹ کر
کہا جب الوداع اس نے پلٹ کر
تسلی کس طرح دیتا اسے میں
میں خود ہی رو پڑا اس سے لپٹ کر
اکیلا رہ گیا ہوں کارواں میں
کہاں تک آ گئی تعداد گھٹ کر
نہ کوئی عکس باقی تھا نہ صورت
رکھا جو آئنہ میں نے الٹ کر
پرندہ اور اڑنا چاہتا تھا
افق ہی رہ گیا خود میں سمٹ کر
نہ بچ پائیں گے پربت بندشوں کے
محبت کی ندی نکلی ہے کٹ کر
زمیں کو ناپ چکا آسمان باقی ہے (غزل)
زمیں کو ناپ چکا آسمان باقی ہے
ابھی پرندے کے اندر اڑان باقی ہے
بدھائی تم کو کہ پہنچے تو اس بلندی پر
مگر یہ دھیان بھی رکھنا ڈھلان باقی ہے
میں اپنی نیند کی قسطیں چکاؤں گا کب تک
تمہاری یاد کا کتنا لگان باقی ہے
میں ایک موم کا بت ہوں تو دھوپ کا چہرا
بچے گی کس کی انا امتحان باقی ہے
مجھے یقین ہے ہو جاؤں گا بری اک دن
مرے بچاؤ میں اس کا بیان باقی ہے
یہ بات کہہ نہ دے سیلاب سے کوئی جا کر
تمام شہر میں میرا مکان باقی ہے