پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پاشا رحمان کی غزلیں — Pasha Rahman Ghazals

پاشا رحمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مثال آئینہ یارو نکھر گیا کل شب (غزل)

مثال آئینہ یارو نکھر گیا کل شب

عجیب سانحہ دل پہ گزر گیا کل شب

بساط دشت پہ یوں چاندنی تھی رقص کناں

کہ جیسے چاند کا ہر زخم بھر گیا کل شب

سیاہ رات کا وہ راہب چراغ بکف

سنو وہ کرمک شب تاب بھر گیا کل شب

کچھ اتنا چہرہ بھیانک تھا خواب میں اس کا

کہ اپنے آپ سے پاشاؔ بھی ڈر گیا کل شب

وہ ایک شخص جو محفل میں بولتا تھا بہت (غزل)

وہ ایک شخص جو محفل میں بولتا تھا بہت

سنا ہے اہل نظر سے وہ کھوکھلا تھا بہت

ردائے شب سے لپٹ کے سواد شام کے بعد

کسی کے بارے میں پہروں میں سوچتا تھا بہت

ابھی جو پاس سے نظریں چرا کے گزرا ہے

گئی رتوں میں وہی مجھ کو چاہتا تھا بہت

اس اجنبی نے بالآخر پلٹ کے دیکھ لیا

طلسمی شہر میں کوئی پکارتا تھا بہت

جو بات بات پہ ہنستا تھا مسکراتا تھا

کسے خبر کہ وہی دل میں رو رہا تھا بہت

کچھ ایسے اہل جنوں بھی یہاں سے گزرے تھے

غبار راہ وفا جن کو ڈھونڈھتا تھا بہت

جو پوچھتے ہو مجھے تم کو یاد ہو شاید

کوئی نظر سے تمہاری کبھی گرا تھا بہت

برگد کا یہ بوڑھا پیڑ (نظم)

برگد کا یہ بوڑھا پیڑ

جس کے جسم کی کھال تک اب تو سوکھ گئی ہے

اس کے سائے میں

جانے کتنے رومان پلے ہیں

جانے کتنے پیمان بندھے ہیں

اس برگد کے پیڑ کو سب

ہم راز بنا کر

جیون ساتھ نبھانے کا

وعدہ کرتے تھے

اس برگد کے سائے میں

کتنی چھیل چھبیلی سندر ناری

میت سے ملنے کی آشا میں

پہروں بیٹھی رہتی تھیں

کتنے البیلے شوخ کنہیا

اپنی نے سے

مد بھری آواز کا جادو گھولتے تھے

برہا راگ کو چھیڑ کے اکثر

فرط غم سے

اشک کے موتی رولتے تھے

مزید غزلیں از پاشا رحمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں