پرویز رحمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر کوئی کیوں چپ بیٹھا ہے صاحب جی کچھ تو بولو (غزل)
ہر کوئی کیوں چپ بیٹھا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
خاموشی کا کیا قصہ ہے صاحب جی کچھ تو بولو
آج قلم کا روزہ ہے کیا یا کاغذ تقوے سے ہے
قاصد کیوں فرصت لکھتا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
انگنائی کے پیڑ پہ پنچھی ذکر میں کیوں مصروف نہیں
یہ سناٹا سا کیسا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
مجبوری سے مختاری تک دوری سے نزدیکی تک
آخر یہ کیسا پردہ ہے صاحب جی کچھ تو بولو
کس کس کا منہ بند کرو گے کس کو کس کو روکو گے
برا ملن کے بیچ میں کیا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
جو دروازہ لاچاری کے نام پہ مجھ پر بند رہا
کیا اب بھی وہ بند پڑا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
اس دنیا سے اس دنیا تک رسوا کر دینے کے بعد
اب لوگوں کا کیا کہنا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
کل تک تم کو جان سے پیارا دل کا سہارا لگتا تھا
اب رحمانیؔ کیا لگتا ہے صاحب جی کچھ تو بولو
بستر پر بے چین نراشا کے سلوٹ سلوٹ جاگے (غزل)
بستر پر بے چین نراشا کے سلوٹ سلوٹ جاگے
تنہائی کی رام دہائی ہم کروٹ کروٹ جاگے
کوئی سایہ کوئی خوشبو کوئی صدا کوئی دستک
امیدوں کی سیج سجائے ہم آہٹ آہٹ جاگے
پیت کے میٹھے مدھر منوہر بول لئے آتا ہے کوئی
سانجھ کا ٹیلہ بولا کھڑکی دروازے چوکھٹ جاگے
بھور ہوئی تو دھیرے دھیرے گیتوں کے سائے ابھرے
گاگر گاگر کنگن کھنکے سوئے ہوئے پنگھٹ جاگے
بنسی کی مہکار اڑی تو رحمانیؔ جی نے دیکھا
لیلا درشی آنکھیں چمکیں گھونگھٹ گھونگھٹ پٹ جاگے