پروین صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹوٹ کر خود بکھر گئے ہیں آپ (غزل)
ٹوٹ کر خود بکھر گئے ہیں آپ
کس کے سائے سے ڈر گئے ہیں آپ
مجھ کو دکھلا رہے ہیں آئینہ
اپنی حد سے گزر گئے ہیں آپ
اب جہاں چاہیں جائیے صاحب
میرے دل سے اتر گئے ہیں آپ
دل نے کیا کیا نہ کچھ دعائیں دیں
میرے گھر جب ٹھہر گئے ہیں آپ
میں نے جب بھی زبان کھولی ہے
دل چرا کر مکر گئے ہیں آپ
کس طرف جاؤں میں کہاں ڈھونڈوں
کون جانے کدھر گئے ہیں آپ
اسی وعدے پہ جی رہی ہے صباؔ
ایک وعدہ جو کر گئے ہیں آپ
مجھے اپنا بنانا چاہتا ہے (غزل)
مجھے اپنا بنانا چاہتا ہے
مگر کوئی بہانہ چاہتا ہے
وہ اپنی گفتگو کی روشنی سے
شبوں کو جگمگانا چاہتا ہے
میں اس کی ہوں اسی کی ہو رہوں گی
مجھے یوں تو زمانہ چاہتا ہے
غزل میں پیار کی خوشبو بسا کر
مرے ہونٹوں سے گانا چاہتا ہے
بہت نزدیک ہوں اس سے مگر اب
وہ مجھ کو فاتحانہ چاہتا ہے
بھرم باتوں کا اپنی کھو چکا ہے
نظر سے گدگدانا چاہتا ہے
صباؔ میری ادھوری شخصیت کو
مہ کامل بنانا چاہتا ہے