پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Parwaz Noorpuri کی غزلیں — Parwaz Noorpuri Ghazals

Parwaz Noorpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم سخن ہم زباں ملے نہ ملے (غزل)

ہم سخن ہم زباں ملے نہ ملے

آپ سا مہرباں ملے نہ ملے

راز دل کا تو کھل ہی جائے گا

اشک غم کو زباں ملے نہ ملے

ایک لمحہ بہت ہے قربت کا

مجھ کو عمر رواں ملے نہ ملے

پیار کی اک نظر ہی کافی ہے

دولت دو جہاں ملے نہ ملے

چل تو نکلا ہوں جستجو میں تری

ذرے کو آسماں ملے نہ ملے

شاعری جوشؔ تک تھی اے پروازؔ

اب کوئی نکتہ داں ملے نہ ملے

کیا کوئی زمانہ میں ستم گر نہیں ہوتا (غزل)

کیا کوئی زمانہ میں ستم گر نہیں ہوتا

ہوتا ہے مگر آپ سے بڑھ کر نہیں ہوتا

سینے سے لگاتا ہے وہی اہل وفا کو

دل جس کا تمہاری طرح پتھر نہیں ہوتا

غم آپ کا ہے میرے لیے ایک خزانہ

ہر اک کو خزانہ یہ میسر نہیں ہوتا

جو سود و زیاں سوچ رہا ہو سر ساحل

وہ بحر محبت کا شناور نہیں ہوتا

ہم گردش دوراں کے ستائے ہوئے انساں

مر جاتے شوالوں کا جو وا در نہیں ہوتا

اس دور میں پروازؔ خدا تو ہے بڑی چیز

انساں کا بھی دیدار میسر نہیں ہوتا

ہوئی مدت کہ تجھ سے بات کرنے کو ترستا ہوں (نظم)

ہوئی مدت کہ تجھ سے بات کرنے کو ترستا ہوں

میں ہوں اشکوں کا بادل تیری فرقت میں برستا ہوں

ترے دل کی غلط فہمی مرے آنسو نہ دھو پائے

بنے ہیں آج جو ورثہ ہیں تیری یاد کے سائے

مجھے اتنا بتا دے جان من مجھ سے خفا کیوں ہے

بھلا کر قول اپنے آج تو مجھ سے جدا کیوں ہے

جو تو مجھ سے چھپاتی ہے نہ جانے راز کیسا ہے

نظر پھولوں پہ رکھ کر پیار کانٹوں سے یہ کیسا ہے

زباں پر ذکر میرا ہے کرم اس پر دکھاتی ہو

یہ خط کس کا ہے چپکے سے جو آنچل میں چھپاتی ہو

تری یہ بے رخی ہمدم مجھے بیتاب کرتی ہے

مجھے بے چین اکثر صورت سیماب کرتی ہے

کسی منزل پہ کیا اب راستے پھر مل نہیں سکتے

محبت کے فسردہ پھول کیا پھر کھل نہیں سکتے

مجھے دیوانہ کر دے گی تمنا تجھ سے ملنے کی

اجازت دے محبت کی کلی کو پھر سے کھلنے کی

مجھے پھر سے کوئی خط پھر کوئی پیغام لکھ بھیجو

نہیں کچھ اور تو کاغذ پہ اپنا نام لکھ بھیجو

مزید غزلیں از Parwaz Noorpuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں