پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرویز شاہدی کی غزلیں — Parvez Shahidi Ghazals

پرویز شاہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منزل بھی ملے گی رستے میں تم راہ گزر کی بات کرو (غزل)

منزل بھی ملے گی رستے میں تم راہ گزر کی بات کرو

آغاز سفر سے پہلے کیوں انجام سفر کی بات کرو

ظالم نے لیا ہے شرما کر پھر گوشۂ داماں چٹکی میں

ہے وقت کہ تم بے باکی سے اب دیدۂ تر کی بات کرو

آیا ہے چمن میں موسم گل آئی ہیں ہوائیں زنداں تک

دیوار کی باتیں ہو لیں گی اس وقت تو در کی بات کرو

ہے تیز ہوا ہلتا ہے قفس خطرے میں پڑی ہے ہر تیلی

فریاد اسیری بند کرو اب جنبش پر کی بات کرو

کیوں دار و رسن کے سائے میں منصور کی باتیں کرتے ہو

رکھنا ہے جو اونچا سر اپنا تو اپنے ہی سر کی بات کرو

کیوں اہل جنوں ارباب خرد کی محفل میں خاموش رہیں

وہ اپنے ہنر کی بات کریں تم اپنے ہنر کی بات کرو

کیا بربط و دف دم توڑ چکے موت آ گئی کیا ہر نغمے کو

تم مطرب جام و مینا ہو کیوں تیغ و سپر کی بات کرو

موقع یاس کبھی تیری نظر نے نہ دیا (غزل)

موقع یاس کبھی تیری نظر نے نہ دیا

شرط جینے کی لگا دی مجھے مرنے نہ دیا

کم سے کم میں غم دنیا کو بھلا سکتا تھا

پر تری یاد نے یہ کام بھی کرنے نہ دیا

تیری غم خوار نگاہوں کے تصدق کہ مجھے

غم ہستی کی بلندی سے اترنے نہ دیا

وہ تری سرخیٔ عارض کہ قریب آ نہ سکی

رنگ جس فکر کو بھی خون جگر نے نہ دیا

حسن ہم درد ترا ہم سفر شوق رہا

مجھ کو تنہا کسی منزل سے گزرنے نہ دیا

کتنی خوش ذوق ہے تیری نگۂ بادہ فروش

خالی رہنے نہ دیا جام کو بھرنے نہ دیا

کتنے اصنام نا تراشیدہ (نظم)

کتنے اصنام نا تراشیدہ

پتھروں ہی میں کسمساتے ہیں

کتنے ہی ناشگفتہ لالہ و گل

ذہن بلبل کو گدگداتے ہیں

کتنے ہی جلوہ ہائے نادیدہ

ابھی پردے میں مسکراتے ہیں

ناسرائیدہ کتنے ہی نغمے

دل کے تاروں سے لپٹے جاتے ہیں

کس نے چھیڑا ہے ساز مستقبل

آج لمحات گنگناتے ہیں

مزید غزلیں از پرویز شاہدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں