پرویز مظفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دوست ہے وہ پیٹھ پر آئے گا نیزہ تان کر (غزل)
دوست ہے وہ پیٹھ پر آئے گا نیزہ تان کر
بھائی ہے تو جا مری رسوائی کا سامان کر
ورنہ سیدھے سے ادا کر دے شرافت کا خراج
اور آزادی کی خواہش ہے تو بڑھ اعلان کر
تجھ کو حق تلفی کا یہ احساس کیوں ہونے لگا
سارے اندھے بانٹتے ہیں ریوڑی پہچان کر
آ گلے مل درد کا رشتہ ہے اپنے درمیاں
اتنے زوروں سے نہ ہندوستان پاکستان کر
میرے غم خانے کو جیسے تو نے جل تھل کر دیا
مہرباں بادل کسی صحرا کو نخلستان کر
روشنی رہتی ہے تیری شیش محلوں میں سدا
چاند پیارے میری کٹیا پر کبھی احسان کر
اس نے پوچھا تک نہیں پرویزؔ ہو کس حال میں
میں تو اس کے پاس آ بیٹھا تھا اپنا جان کر
جو میرے گناہوں پہ نظر رکھتے ہیں (غزل)
جو میرے گناہوں پہ نظر رکھتے ہیں
البم میں وہی تتلی کے پر رکھتے ہیں
ظلمت کی سماعت میں کھل پڑتا ہے
مظلوم کے الفاظ اثر رکھتے ہیں
کس وقت کہاں کون جلاتا ہے چراغ
اتنی تو پتنگے بھی خبر رکھتے ہیں
ہیں آبلے کانٹوں کے لیے پیروی میں
تاروں کے لیے دیدۂ تر رکھتے ہیں
باتیں وہ بھلا کیسے کریں گے کھل کر
پرویزؔ میاں دل میں جو ڈر رکھتے ہیں