پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پرویز بزمی کی غزلیں — Parvez Bazmi Ghazals

پرویز بزمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بند کمرے میں ہوں اور کوئی دریچا بھی نہیں (غزل)

بند کمرے میں ہوں اور کوئی دریچا بھی نہیں

کسی دستک کا لرزتا ہوا جھونکا بھی نہیں

تیرگی اوڑھ کے آئی ہے گھٹا کی چادر

اور فانوس کوئی آہ کا جلتا بھی نہیں

کل مرے سائے میں سستائی تھی صدیوں کی تھکن

آج وہ پیڑ ہوں جس پر کوئی پتا بھی نہیں

دھوپ کے دشت کا درپیش سفر ہے مجھ کو

ساتھ دینے کو مگر کوئی پرندہ بھی نہیں

اپنا خوں راہ میں پھیلائیں لکیروں کی طرح

آنے والے نہ کہیں نقش کف پا بھی نہیں

وہ خواب خواب فضا وہ نگر کسی کا تھا (غزل)

وہ خواب خواب فضا وہ نگر کسی کا تھا

مسافرت تو مری تھی سفر کسی کا تھا

نظر گریز رہیں اس طرح مری آنکھیں

کہ جیسے میرا نہیں میرا گھر کسی کا تھا

لہو تو میرا چھپا تھا کلی کی مٹھی میں

کھلے گلاب پہ حق نظر کسی کا تھا

بہت بلند مری پاسباں فصیلیں تھیں

دھڑکتے دل کو مرے پھر بھی ڈر کسی کا تھا

یہ ہاتھ پاؤں مرے تھے زبان میری تھی

جو دے رہا تھا اشارے وہ سر کسی کا تھا

مزید غزلیں از پرویز بزمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں