پروین فنا سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا (غزل)
کاش طوفاں میں سفینے کو اتارا ہوتا
ڈوب جاتا بھی تو موجوں نے ابھارا ہوتا
ہم تو ساحل کا تصور بھی مٹا سکتے تھے
لب ساحل سے جو ہلکا سا اشارا ہوتا
تم ہی واقف نہ تھے آداب جفا سے ورنہ
ہم نے ہر ظلم کو ہنس ہنس کے سہارا ہوتا
غم تو خیر اپنا مقدر ہے سو اس کا کیا ذکر
زہر بھی ہم کو بصد شوق گوارا ہوتا
باغباں تیری عنایت کا بھرم کیوں کھلتا
ایک بھی پھول جو گلشن میں ہمارا ہوتا
تم پر اسرار فنا راز بقا کھل جاتے
تم نے ایک بار تو یزداں کو پکارا ہوتا
تجھ کو اب کوئی شکایت تو نہیں (غزل)
تجھ کو اب کوئی شکایت تو نہیں
یہ مگر ترک محبت تو نہیں
میری آنکھوں میں اترنے والے
ڈوب جانا تری عادت تو نہیں
تجھ سے بیگانے کا غم ہے ورنہ
مجھ کو خود اپنی ضرورت تو نہیں
کھل کے رو لوں تو ذرا جی سنبھلے
مسکرانا ہی مسرت تو نہیں
تجھ سے فرہاد کا تیشہ نہ اٹھا
اس جنوں پر مجھے حیرت تو نہیں
پھر سے کہہ دے کہ تری منزل شوق
میرا دل ہے مری صورت تو نہیں
تیری پہچان کے لاکھوں انداز
سر جھکانا ہی عبادت تو نہیں
ہوا کس قدر تیز ہے (نظم)
ہوا کس قدر تیز ہے
اجنبی شام سنولا گئی
وقت دونوں گلے مل چکے
سر پہ رکھو ردا
سن رہی ہو
مساجد سے اٹھتی ہوئی
روح پرور صدا
اٹھ کے دیکھو تو
آنگن کا در بند ہے
یا کھلا
لیکن اس وقت تنہا
کھلے سر
کہاں جا رہی ہو