Paras Mazari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی پسند چھوڑ دی اس کی خرید لی (غزل)
اپنی پسند چھوڑ دی اس کی خرید لی
ورثے کا کھیت بیچ کے کوٹھی خرید لی
اک عمر اپنے بیٹوں کو انگلی تھمائی پھر
بوڑھے نے اک دکان سے لاٹھی خرید لی
ویسے تو نرخ کم ہی تھے گندم کے اس برس
آئی تھی تیرے گاؤں سے مہنگی خرید لی
ہم دوستوں کے پیار میں ہم رنگ ہیں لباس
اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ وردی خرید لی
تصویر اپنی خود ہی مصور کو بھا گئی
خود گیلری میں پیش کی خود ہی خرید لی
اے ہجر زاد تم کو بھی ہے آرزوئے وصل
اے دشت زاد تم نے بھی کشتی خرید لی
دراصل مسئلہ تو ہے چلنا گھڑی کے ساتھ
اس سے غرض نہیں ہے کہ کیسی خرید لی
تمہارے گھر پہ میں آ تو نہیں رہا مرے دوست (غزل)
تمہارے گھر پہ میں آ تو نہیں رہا مرے دوست
گھما پھرا کے بتاؤ نہ راستہ مرے دوست
ہوا ہو گرم کہ ٹھنڈی پسینہ سوکھتا ہے
وہ میرا دوست ہے اچھا ہے یا برا مرے دوست
بچھڑتے وقت ضرورت نہیں ہوئی محسوس
اور اب نہ رابطہ نمبر نہ رابطہ مرے دوست
میں یوں تو ایک محبت کے قائلین میں تھا
تجھے ملا تو رہا ہی نہیں گیا مرے دوست
ہماری آنکھ میں قوت ہے رنگ چکھنے کی
ہماری آنکھ بتاتی ہے ذائقہ مرے دوست
پرانے گیت میں شامل کیے ہیں ساز نئے
سخن میں اتنا تو حصہ رہا مرا مرے دوست