پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

پنا لعل نور کی غزلیں — Panna Lal Noor Ghazals

پنا لعل نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم سفر ہے نہ ہم نوا کوئی (غزل)

ہم سفر ہے نہ ہم نوا کوئی

ہوگا ہم سا شکستہ پا کوئی

اک نظر کیا ملا گیا کوئی

اک قیامت اٹھا گیا کوئی

دیکھو نظریں چرا کے مت جاؤ

تم کو کہہ دے نہ بے وفا کوئی

درد دیتے ہو دو مگر ایسا

جس کی پھر ہو نہ انتہا کوئی

جس رہ عشق پر چلا ہوں میں

ابتدا ہے نہ انتہا کوئی

سر تو خود جھک گیا ہے سجدے میں

جب تصور میں آ گیا کوئی

مجھ کو سجدوں سے کچھ گریز نہیں

ہو نہ جائے مگر خدا کوئی

میں بتاؤں گا منزلوں کا پتا

مجھ سے پوچھے تو راستہ کوئی

ہماری آنکھوں کے آگے محفل میں دور جام و سبو چلے ہیں (غزل)

ہماری آنکھوں کے آگے محفل میں دور جام و سبو چلے ہیں

بس ایک ہم ہیں کہ تیری محفل سے پی کے اپنا لہو چلے ہیں

رہے سلامت چمن تمہارا رہے چمن میں بہار قائم

ہم اپنی بربادیوں کے صدقے مٹا کے ہر آرزو چلے ہیں

خطا تو دانستہ کچھ نہیں کی مگر ہے احساس جرم اتنا

کہ عالم بے خودی میں شاید نظر سے چلمن کو چھو چلے ہیں

گزر رہا تھا ادھر سے دیکھا لکھا تھا یہ نورؔ کی لحد پر

مقام عبرت ہے بس یہیں تک فریب صد رنگ و بو چلے ہیں

مزید غزلیں از پنا لعل نور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں