پنکج سرحدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ادھر مے کدہ ہے ادھر بت کدہ ہے (غزل)
ادھر مے کدہ ہے ادھر بت کدہ ہے
ادھر میرا ساقی ادھر دل ربا ہے
ادھر ہے مری تشنگی کا مداوا
ادھر میرے درد جگر کی دوا ہے
ادھر جوش صہبا ادھر جوش الفت
ادھر ابتدا ہے ادھر انتہا ہے
ادھر دختر رز کی ہے کافر جوانی
ادھر حسن محبوب صدق و صفا ہے
ادھر مے پلا کر گرانے کا شیوہ
ادھر تھام لینے کو دست وفا ہے
ادھر جاؤں یا میں ادھر جاؤں پنکجؔ
ادھر بھی خدا ہے ادھر بھی خدا ہے
بھینی بھینی درد کی خوشبو لٹانے کے لیے (غزل)
بھینی بھینی درد کی خوشبو لٹانے کے لیے
پھول کھلتے ہیں چمن میں مسکرانے کے لیے
ہر گل تہذیب کو حق ہے کہ وہ کھلتا رہے
اس ریاض دہر میں خوشبو لٹانے کے لیے
یوں سمٹنا بھی ہے کوئی زندگی اے دوستو
زندگی ہے وسعت عالم پہ چھانے کے لیے
کچھ فریب رنگ و بو میں آ ہی جاتا ہے بشر
ورنہ یہ دنیا نہیں ہے دل لگانے کے لیے
ایک جوگن نے بہا کر گیان کی گنگا کہا
گیان ہی کیلاش ہے شنکر کو پانے کے لیے
دوستی میں ہے بجا پنکجؔ سوال شوق بھی
ہوتی ہے یاری مگر قربان جانے کے لیے