پنڈت ودیا رتن عاصی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غافل ہوں تری یاد سے ایسا تو نہیں ہے (غزل)
غافل ہوں تری یاد سے ایسا تو نہیں ہے
ہر وقت مرے دل میں تری یاد مکیں ہے
دنیائے محبت بڑی دل کش ہے حسیں ہے
ہر ایک کو راس آئے ضروری تو نہیں ہے
مانا کہ زمانے کا ہر اک نقش حسیں ہے
اس پر بھی زمانے میں کوئی تجھ سا نہیں ہے
اک عرض تمنا کے سوا ہم نے کیا کیا
کس بات پہ وہ شعلہ بدن چیں بہ جبیں ہے
کیا خاک ہو میرے دل بیتاب کا درماں
جب تجھ پہ تری چشم توجہ ہی نہیں ہے
دل میں ہے مگر جذبۂ اخلاص و محبت
وہ خود ہی کھنچے آئیں گے یہ میرا یقیں ہے
کیا کہئے محبت میں عجب حال ہے اپنا
نظریں ہیں کہیں اور تو دل اور کہیں ہے
رہ رہ کے کھٹکتا ہے جو ہر سانس میں پیہم
سینے میں کوئی خار ہے یا قلب حزیں ہے
اقرار وفا کر بھی چکیں تیری نگاہیں
افسوس ترے لب پہ مگر پھر بھی نہیں ہے
اس بت کا کوئی عہد بھی ایفا نہیں ہوتا
کیا اس کا یقیں جس کا نہ ایماں ہے نہ دیں ہے
کیا طرفہ قیامت ہے مری وجہ تباہی
وہ پوچھتے ہیں اور مجھے یاد نہیں ہے
شرمندۂ احساں میں نہیں راہنما کا
عاصیؔ مرا رہبر تو مرا عزم و یقیں ہے
کبھی میں نے انہیں پوچھا نہیں ہے (غزل)
کبھی میں نے انہیں پوچھا نہیں ہے
انہیں بھی ہے محبت یا نہیں ہے
اجازت ہو تو میں یہ عرض کر دوں
سلیقہ آپ کا اچھا نہیں ہے
وہی چھایا ہوا ہے زندگی پر
وہ جس کو آج تک دیکھا نہیں ہے
ستم آلام محرومی تباہی
مری تقدیر میں کیا کیا نہیں ہے
ابھی کچھ اور بھی جور و ستم ہوں
ابھی صدموں سے دل ٹوٹا نہیں ہے
نہ جانے کس گھڑی چھن جائے مجھ سے
یہ ظالم جسم بھی میرا نہیں ہے
مری تقدیر ہی میں ٹھوکریں تھیں
مجھے دنیا سے کچھ شکوہ نہیں ہے
عجب انسان ہے دنیا میں وہ بھی
صدائے وقت جو سنتا نہیں ہے
کہاں رہتے ہو عاصیؔ آج کل تم
کئی دن سے تجھے دیکھا نہیں ہے
تیز رفتاریاں (نظم)
تیز رفتاریاں
بھوک بیماریاں
نیک کرداریاں
جھوٹ مکاریاں
اک سکوں کے لئے
عمر بھر خواریاں
چاندنی دھوپ میں
کب رہیں یاریاں
زندگی جی کے مر
چھوڑ لاچاریاں
آسماں سے اتر
چھوڑ سرداریاں
ہم بھلے یا برے
تیری فن کاریاں
گھر سے اونچی نہ کر
چار دیواریاں
کچھ مسافر گئے
کچھ کی تیاریاں