اسامہ ہارون کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب تو ہو کوئی کائناتی غزل (غزل)
اب تو ہو کوئی کائناتی غزل
یا کسی رمز کو بتاتی غزل
صبح کی روشنی بناتی ہوئی
رات کی تیرگی سے آتی غزل
دل سے صفحے پہ آ نہیں پائی
شام کے بعد سے ستاتی غزل
کاش یہ تارے جاگتے رہتے
کاش یہ رات گنگناتی غزل
اس کی آنکھوں میں دیکھتا رہتا
خوب سے خوب ہوتی جاتی غزل
ایک میں ہوں رکا ہوا مصرع
اور اک وہ تھی حادثاتی غزل
کی محبت بھی تو مروت میں (غزل)
کی محبت بھی تو مروت میں
یہ خباثت تھی اپنی خصلت میں
کیسے ممکن ہے دل کو بھائے بس
ایک ہی شخص اتنی خلقت میں
میں کہوں تو مرا مکان نہ لے
دم گھٹے گا یہاں کی وحشت میں
اس کی محفل میں دل پڑا ہوگا
آ گیا تھا میں اٹھ کے عجلت میں
یاد کرتا ہوں تجھ کو فرصت سے
کام کرتا ہوں باقی فرصت میں
غم کا موجب نہیں ہے کوئی بھی
یہ تو داخل ہے اپنی فطرت میں
اپنا ہونا تو اک شرارت ہے
کون شامل تھا اس شرارت میں
عشق کا کاروبار کون کرے
بس خسارہ ہے اس تجارت میں
مزید غزلیں از اسامہ ہارون ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں