پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسامہ امیر کی غزلیں — Osaama Ameer Ghazals

اسامہ امیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک دنیا نئی بنائیں گے (غزل)

ایک دنیا نئی بنائیں گے

ہو بہ ہو آپ سی بنائیں گے

اپنے آنسو سنبھال کر رکھنا

اک سمندر کبھی بنائیں گے

ہم سنیں گے کہانیاں پہلے

پھر تجھے جل پری بنائیں گے

تیرا کردار بس ذرا سا ہے

ہم تجھے مرکزی بنائیں گے

کینوس پر بنا کے رادھا شیام

ساتھ اک بانسری بنائیں گے

اک جگہ ہم بنائیں گے دریا

اک جگہ تشنگی بنائیں گے

زمیں پہ بیٹھ کے بے اختیار ڈھونڈھتا ہوں (غزل)

زمیں پہ بیٹھ کے بے اختیار ڈھونڈھتا ہوں

میں آسمان کا گرد و غبار ڈھونڈھتا ہوں

مجھے پتہ ہے کسی میں یہ شے نہیں موجود

ہر ایک شخص میں کیوں اعتبار ڈھونڈھتا ہوں

اکیلا بیٹھ کے مسجد کے ایک کونے میں

کمال کرتا ہوں پروردگار ڈھونڈھتا ہوں

کہ آئنے میں کئی آئینے کئے تخلیق

سو ایک چہرے میں چہرے ہزار ڈھونڈھتا ہوں

تمہاری یاد تو رکھی ہے جیب میں میں نے

یہ کیوں ادھر سے ادھر بار بار ڈھونڈھتا ہوں

میں ایسے عالم وحشت میں ہوں کہ تنہائی

پکارتی ہے مجھے میں پکار ڈھونڈھتا ہوں

مرے لئے تو خط انتظار کھینچتی ہے

ترے لئے میں خط انتظار ڈھونڈھتا ہوں

مزید غزلیں از اسامہ امیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں