اوم پرکاش لاغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کر پائے دشمن بھی جو دشمنی میں (غزل)
نہ کر پائے دشمن بھی جو دشمنی میں
کیا ہے رفیقوں نے وہ دوستی میں
بزرگوں سے پایا ہے یہ راز ہم نے
ہے جینے کی لذت فقط سادگی میں
عبث ہے عبادت عبث اس کا تقویٰ
اگر آدمیت نہیں آدمی میں
فلک تک اگر تو گیا بھی تو کیا ہے
بہت فاصلہ ہے ابھی آگہی میں
زمانے کو اب کوئی کیسے بتائے
بڑی تیرگی ہے نئی روشنی میں
بہادر مرا ایک ہی بار لاغرؔ
کئی بار بزدل مرا زندگی میں
حقیقت کو عجب انداز سے جھٹلایا جاتا ہے (غزل)
حقیقت کو عجب انداز سے جھٹلایا جاتا ہے
زمانے کو خدا کے نام پر بہکایا جاتا ہے
تعلق رہنما کا مفلس و نادار سے کیسا
انہیں ووٹوں کی خاطر وقت پر پھسلایا جاتا ہے
کہیں میری شرافت کو نہ کمزوری سمجھ بیٹھے
کبھی دشمن کو بھی اس واسطے دھمکایا جاتا ہے
اگرچہ ہر نئے دن کا نیا انداز ہے لیکن
کبھی افسانۂ پارینہ بھی دہرایا جاتا ہے
اگر جذبات زخمی ہوں تو ہوگا فکر بھی زخمی
یہی تاریخ کے اوراق میں بھی پایا جاتا ہے
یہ رتبہ ہر کسی کو کوئے جاناں میں نہیں ملتا
کوئی منصور ہو تو دار پر لٹکایا جاتا ہے