اوم پربھاکر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ نظارے ہیں کچھ نظر باقی (غزل)
کچھ نظارے ہیں کچھ نظر باقی
اور کچھ کوس کا سفر باقی
رہ گیا ہے کتاب میں دن کی
شام کا باب مختصر باقی
اس خزاں میں بھی کچھ مہکتا ہے
دل ہے باقی ابھی جگر باقی
خاک ہی خاک ہوں مگر چھو مت
عشق کا ہے ابھی شرر باقی
وقت رخصت پلٹ کے برسی جو
ہے نگاہوں میں وہ نظر باقی
دھل گئی تھی جو تیرے اشکوں سے
خط میں وہ ہی ہے اک سطر باقی
کسمساتے ہیں پاؤں کے چھالے
ہے ابھی بھی کوئی سفر باقی
جہاں زمیں سے جڑا آسمان دکھتا ہے (غزل)
جہاں زمیں سے جڑا آسمان دکھتا ہے
اسی جگہ مجھے اپنا مکان دکھتا ہے
پناہ دشت میں آیا دبیز شہر سے میں
یہاں بھی جال شکاری مچان دکھتا ہے
سفر میں آیا مرے ایک شہر ایسا بھی
جہاں پہ دور سے امن و امان دکھتا ہے
نظر ہماری اگر ہو ذرا فقیرانہ
بہت سلیس یہ سارا جہان دکھتا ہے
سنبھل کے دیکھ کہ اے پیر میری ہستی میں
تجھے کہیں بھی خدا کا نشان دکھتا ہے
مزید غزلیں از اوم پربھاکر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں