اوم پرکاش بجاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب کبھی تیری یاد آئی ہے (غزل)
جب کبھی تیری یاد آئی ہے
ہر کلی دل کی مسکرائی ہے
دل نے بس تیری آرزو کے طفیل
ہر خوشی زندگی کی پائی ہے
سوئے طوفاں دھکیل دی ہم نے
ناؤ ساحل پہ جب بھی آئی ہے
صرف تم ہو مرے زمانے میں
ورنہ ہر شے یہاں پرائی ہے
کھو کے خود کو تری محبت میں
بے خودی بے پناہ پائی ہے
جادۂ منزل محبت میں
دل نے سو بار چوٹ کھائی ہے
پھول کلیوں کا ذکر کر کے بجاجؔ
داستاں تیری ہی سنائی ہے
دل ہے بیتاب التجا کے لئے (غزل)
دل ہے بیتاب التجا کے لئے
چھیڑ دو بات ابتدا کے لئے
بوئے گل لوٹتی لٹاتی ہے
مشغلہ خوب ہے صبا کے لئے
موج طوفاں میں اب مری کشتی
ناخدا چھوڑ دے خدا کے لئے
حوصلے سے جہاں میں سب کچھ ہے
یہ دوا ہے ہر اک بلا کے لئے
تیری رحمت پہ حرف آتا ہے
ہاتھ اٹھیں اگر دعا کے لئے
شہر میں دشت میں پہاڑوں میں
ہم بھٹکتے پھرے وفا کے لئے
شدت درد و الم سے جب بھی گھبراتا ہوں میں (نظم)
شدت درد و الم سے جب بھی گھبراتا ہوں میں
تیرے نغموں کی گھنی چھاؤں میں آ جاتا ہوں میں
زندگی کا آئنہ یہ ہے ترے فن کا کمال
ہے ادھر حد فلک تک تیری پرواز خیال
چل گیا سارے دلوں پر تیرا سحر سامری
جاوداں اے امرتا پریتم ہے تیری شاعری
شدت احساس ہو تو خود سنور جاتا ہے فن
روشنی ہوتی ہے کل دنیا میں جب جلتا ہے من
سرپھرے کچھ اہل فن مارے ہوئے تقدیر کے
یوں ہی بے سمجھی میں ہیں دشمن تری تحریر کے
دشمنوں کے وار سے ڈرتی نہ گھبراتی ہے تو
لوگ پتھر پھینکتے ہیں پھول برساتی ہے تو
تیرے فن کے معترف ہوں گے وہ وقت آنے کو ہے
پھول تیرے فن کا ہر گلشن کو مہکانے کو ہے