عبید اللہ صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی اک خواب ہے یہ خواب کی تعبیر ہے (غزل)
زندگی اک خواب ہے یہ خواب کی تعبیر ہے
حلقۂ گیسوئے دنیا پاؤں کی زنجیر ہے
کچھ نہیں اس کے سوا میرے تصرف میں یہاں
دل کا بس جتنا علاقہ درد کی جاگیر ہے
پتلیاں آنکھوں کی ساکت ہو گئیں پڑھتے ہوئے
آسماں پر کس زباں میں جانے کیا تحریر ہے
مجھ کو گویائی پہ اکسایا تھا دل نے ایک بار
آج تک ہونٹوں پہ قائم لذت تقریر ہے
اب نہ جانے کس طرف لے جائیں وحشی آندھیاں
شاخ سے ٹوٹا ہوا پتا بہت دلگیر ہے
سب بہادر ہیں یہاں ذکر اجل ہونے تلک
بزدلی اس کو کہوں یا خون کی تاثیر ہے
پہلے چنگاری سے اک شعلہ بناتا ہے مجھے (غزل)
پہلے چنگاری سے اک شعلہ بناتا ہے مجھے
پھر وہی تیز ہواؤں سے ڈراتا ہے مجھے
بین کرتے ہوئے اس رات کے سناٹے میں
دشت سے گھر کی طرف کون بلاتا ہے مجھے
گرد ہوتے ہوئے چہرے سے ملانے کے لیے
آئنہ خانے میں کوئی لئے جاتا ہے مجھے
شام ہوتی ہے تو میرا ہی فسانہ اکثر
وہ جو ٹوٹا ہوا تارا ہے سناتا ہے مجھے
ریگ صحرا سے تعلق کو بڑھا دیتا ہے
خواب میں جب بھی وہ دریا نظر آتا ہے مجھے