پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Obaidur Rahman کی غزلیں — Obaidur Rahman Ghazals

Obaidur Rahman کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

منزلیں اور بھی ہیں وہم و گماں سے آگے (غزل)

منزلیں اور بھی ہیں وہم و گماں سے آگے

ہم کو کرنا ہے سفر قید مکاں سے آگے

پیکر شعر کو ملبوس عطا کیا کیجے

جب تخیل کی ہو پرواز بیاں سے آگے

آب اور خاک کی یہ بزم ہمیں کیا راس آتی

ہم کو جانا تھا ستاروں کے جہاں سے آگے

کب تلک دیر و حرم کی یہ حدیث بے سود

مسئلے اور ہیں ناقوس و اذاں سے آگے

جستجو اور ہے کچھ اہل جنوں کی ورنہ

کون کرتا ہے سفر جائے اماں سے آگے

کرب کو اپنے تماشہ نہ بنایا جائے

ہے ادب گاہ وفا آہ و فغاں سے آگے

نذر اندیشہ نہ ہو جائے کہیں زیست عبیدؔ

بات کچھ اور کریں سود و زیاں سے آگے

ہے آج اندھیرا ہر جانب اور نور کی باتیں کرتے ہیں (غزل)

ہے آج اندھیرا ہر جانب اور نور کی باتیں کرتے ہیں

نزدیک کی باتوں سے خائف ہم دور کی باتیں کرتے ہیں

تعمیر و ترقی والے ہیں کہیے بھی تو ان کو کیا کہیے

جو شیش محل میں بیٹھے ہوئے مزدور کی باتیں کرتے ہیں

یہ لوگ وہی ہیں جو کل تک تنظیم چمن کے دشمن تھے

اب آج ہمارے منہ پر یہ دستور کی باتیں کرتے ہیں

اک بھائی کو دوجے بھائی سے لڑنے کا جو دیتے ہیں پیغام

وہ لوگ نہ جانے پھر کیسے جمہور کی باتیں کرتے ہیں

اک خواب کی وادی ہے جس میں رہتے ہیں ہمیشہ کھوئے ہوئے

دھرتی پہ نہیں ہیں جن کے قدم وہ طور کی باتیں کرتے ہیں

ہم کو یہ گلہ محبوب انہیں افسانۂ بزم عیش و طرب

شکوہ یہ انہیں ہم ان سے دل رنجور کی باتیں کرتے ہیں

کیا خوب ادا ہے ان کی عبیدؔ انداز کرم ہے کتنا حسیں

مجبور کے حق سے ناواقف مجبور کی باتیں کرتے ہیں

مزید غزلیں از Obaidur Rahman ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں