پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عبید اللہ علیم کی غزلیں — Obaidullah Aleem Ghazals

عبید اللہ علیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عزیز اتنا ہی رکھو کہ جی سنبھل جائے (غزل)

عزیز اتنا ہی رکھو کہ جی سنبھل جائے

اب اس قدر بھی نہ چاہو کہ دم نکل جائے

ملے ہیں یوں تو بہت آؤ اب ملیں یوں بھی

کہ روح گرمیٔ انفاس سے پگھل جائے

محبتوں میں عجب ہے دلوں کو دھڑکا سا

کہ جانے کون کہاں راستہ بدل جائے

زہے وہ دل جو تمنائے تازہ تر میں رہے

خوشا وہ عمر جو خوابوں ہی میں بہل جائے

میں وہ چراغ سر رہ گزار دنیا ہوں

جو اپنی ذات کی تنہائیوں میں جل جائے

ہر ایک لحظہ یہی آرزو یہی حسرت

جو آگ دل میں ہے وہ شعر میں بھی ڈھل جائے

کچھ دن تو بسو مری آنکھوں میں (غزل)

کچھ دن تو بسو مری آنکھوں میں

پھر خواب اگر ہو جاؤ تو کیا

کوئی رنگ تو دو مرے چہرے کو

پھر زخم اگر مہکاؤ تو کیا

جب ہم ہی نہ مہکے پھر صاحب

تم باد صبا کہلاؤ تو کیا

اک آئنہ تھا سو ٹوٹ گیا

اب خود سے اگر شرماؤ تو کیا

تم آس بندھانے والے تھے

اب تم بھی ہمیں ٹھکراؤ تو کیا

دنیا بھی وہی اور تم بھی وہی

پھر تم سے آس لگاؤ تو کیا

میں تنہا تھا میں تنہا ہوں

تم آؤ تو کیا نہ آؤ تو کیا

جب دیکھنے والا کوئی نہیں

بجھ جاؤ تو کیا گہناؤ تو کیا

اب وہم ہے یہ دنیا اس میں

کچھ کھوؤ تو کیا اور پاؤ تو کیا

ہے یوں بھی زیاں اور یوں بھی زیاں

جی جاؤ تو کیا مر جاؤ تو کیا

تمہارے ہیں کہو اک دن (نظم)

تمہارے ہیں کہو اک دن

کہو اک دن

کہ جو کچھ بھی ہمارے پاس ہے سب کچھ تمہارا ہے

جسے تم چاند سا کہتے ہو وہ چہرہ تمہارا تھا

ستارہ سی جنہیں کہتے ہو وہ آنکھیں تمہاری ہیں

جنہیں تم شاخ سی کہتے ہو وہ بانہیں تمہاری ہیں

کبوتر تولتے ہیں پر تو پروازیں تمہاری ہیں

جنہیں تم پھول سی کہتے ہو وہ باتیں تمہاری ہیں

قیامت سی جنہیں کہتے ہو رفتاریں تمہاری ہیں

اگر سب کچھ یہ میرا ہے تو سب کچھ بخش دو اک دن

وجود اپنا مجھے دے دو محبت بخش دو اک دن

مرے ہونٹوں پہ اپنے ہونٹ رکھ کر روح میری کھینچ لو اک دن