عبید صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنے بعد حقیقت یا افسانہ چھوڑا تھا (غزل)
اپنے بعد حقیقت یا افسانہ چھوڑا تھا
پھول کھلے تھے میں نے جب ویرانہ چھوڑا تھا
سانس گھٹی جاتی تھی کیسا حبس کا عالم تھا
یاد ہے جس دن سبزے نے لہرانا چھوڑا تھا
آنسو گرے تو خاک بدن سے خوشبو پھوٹی تھی
مینہ برسا تو موسم نے گرمانا چھوڑا تھا
میرے علاوہ کس کو خبر ہے لیکن میں چپ ہوں
ساحل سے کیوں موجوں نے ٹکرانا چھوڑا تھا
میں پہلے بے باک ہوا تھا جوش محبت میں
میری طرح پھر اس نے بھی شرمانا چھوڑا تھا
زمین بارہا بدلی زماں نہیں بدلا (غزل)
زمین بارہا بدلی زماں نہیں بدلا
اسی لیے تو یہ میرا جہاں نہیں بدلا
نہ آرزو کوئی بدلی نہ میری محرومی
بدل گیا ہے رویہ سماں نہیں بدلا
اداسی آج بھی ویسی ہے جیسے پہلے تھی
مکیں بدلتے رہے ہیں مکاں نہیں بدلا
کبھی چراغ کبھی دل جلا کے دیکھ لیا
ذرا سا رنگ تو بدلا دھواں نہیں بدلا
پرندے اب بھی چہکتے ہیں گل مہکتے ہیں
سنا ہے کچھ بھی ابھی تک وہاں نہیں بدلا
دلوں کا درد کسی طور کم نہیں ہوگا
اگر تصور سود و زیاں نہیں بدلا