عبید حارث کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دلوں کے زخم بھرتے کیوں نہیں ہیں (غزل)
دلوں کے زخم بھرتے کیوں نہیں ہیں
ہم اس پر غور کرتے کیوں نہیں ہیں
دغا دے کر نکل جاتی ہے آگے
خوشی سے لوگ ڈرتے کیوں نہیں ہیں
تجارت کیوں ادھوری ہے ہماری
ہمارے ناپ بھرتے کیوں نہیں ہیں
کسی نے بھی نہ پوچھا دشمنوں سے
محبت آپ کرتے کیوں نہیں ہیں
ہماری زندگی ہے موت جیسی
یہی سچ ہے تو مرتے کیوں نہیں ہیں
نظر اوروں پہ کیوں رہتی ہے حارثؔ
ہم اپنا کام کرتے کیوں نہیں ہیں
ہماری ذات میں بستے سبھی ہیں (غزل)
ہماری ذات میں بستے سبھی ہیں
ہم اچھے ہیں تو پھر اچھے سبھی ہیں
یقیں کیسے کریں وعدے پہ تیرے
یہی وعدہ ہے جو کرتے سبھی ہیں
دکھائی کیوں نہیں دیتا کسی کو
خدا کی کھوج میں نکلے سبھی ہیں
مرے اندر فقط قطرہ نہیں ہے
سمندر جھیل اور جھرنے سبھی ہیں
زمیں پر آئے گا وہ آسماں سے
نظارہ دیکھنے ٹھہرے سبھی ہیں
چلی تھی اک ہوا کچھ دیر پہلے
اسی کے خوف سے سہمے سبھی ہیں
سبق لیتے نہیں ہم کیوں کسی سے
ہمارے سامنے قصے سبھی ہیں