عبید اعظم اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تکلیف کی راتیں ہوں کہ آزار کے دن ہوں (نظم)
تکلیف کی راتیں ہوں کہ آزار کے دن ہوں
میرے لیے سب مرحلے آسان رہے ہیں
جب بھی میں حوادث کے نشانے پہ رہا ہوں
میرے لیے کچھ لوگ پریشان رہے ہیں
یہ لوگ مرے ساتھ ہیں تو رنج و الم کو
پسپا مجھے کرنے کی جسارت نہیں ہوتی
یہ ان کی محبت ہے کہ سو قافلے غم کے
آتے ہیں گزر جاتے ہیں وحشت نہیں ہوتی
ان لوگوں کا ممنون ہوں آلام میں جو لوگ
ہوتے رہے رنجیدہ الم دیکھ کے میرا
ان آنکھوں کی توقیر پہ قربان دل و جاں
جن آنکھوں کا غم بڑھ گیا غم دیکھ کے میرا
آنے نہ دی تلخی کہیں رشتوں کے سفر میں
جذبوں کی نزاکت کا سدا پاس تھا جن کو
دل جوئی کے آداب تھے معمول میں جن کے
رنج شب ظلمات کا احساس تھا جن کو
جو حوصلہ دیتے رہے ہر گام پہ مجھ کو
ملتی ہے خوشی کوئی تو یاد آتے ہیں وہ لوگ
جذبات کی شاخوں پہ کھل اٹھتے ہیں حسیں پھول
بن کے دھنک احساس پہ چھا جاتے ہیں وہ لوگ
ظلمت سے بھری راہ میں کرنے کو اجالا
تابندہ کئی چہرے ہیں یادوں کے فلک پر
میں کیسے بھلا سکتا ہوں اس بھیڑ میں ان کو
جو ساتھ چلا کرتے تھے سنسان سڑک پر
جو لوگ گزرتے ہیں مسلسل رہ دل سے
۔۔۔جو لوگ گزرتے ہیں مسلسل رہ دل سے
دن عید کا ان کو ہو مبارک تہ دل سے