نصرت صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رابطہ ہے ابھی ہواؤں سے (غزل)
رابطہ ہے ابھی ہواؤں سے
جی رہا ہوں تری دعاؤں سے
زندگی بول کیا ارادہ ہے
موت مہنگی نہیں دواؤں سے
تو مری لغزشوں پہ طنز نہ کر
میری پہچان ہے خطاؤں سے
اس کو ثقل زمین کہتے ہیں
لوٹ آیا بشر خلاؤں سے
دل نے آنکھوں میں بھر دئے آنسو
لے کے مایوسیاں گھٹاؤں سے
جتنے خانہ خراب ہیں سب کو
بد دعائیں ملی ہیں ماؤں سے
بھیک دے ورنہ چھین لے آ کر
کاسۂ دید ہم گداؤں سے
اے خدا اب تو بال و پر دے دے
جسم چھپتے نہیں قباؤں سے
رنج و غم ہوں کہ حسرت و ارماں
مطمئن ہوں تری عطاؤں سے
کوششیں چھوڑ دوں سبھی نصرتؔ
کام نکلیں اگر دعاؤں سے
ہر اک اچھے برے سے واسطہ ہے (غزل)
ہر اک اچھے برے سے واسطہ ہے
مجھے یہ شہر سارا جانتا ہے
وہ بادل ہوں جو برسے گا یقیناً
مرے رونے میں سب کا فائدہ ہے
یہ سچ ہے تو رگ جاں سے ہے نزدیک
مگر جینا تو میرا مسئلہ ہے
شب فرقت کوئی آئے نہ آئے
سحر ہونے کا خدشہ دوسرا ہے
مجھے اب احتیاطاً خط نہ لکھنا
مرے بیٹے کو پڑھنا آ گیا ہے
تمہیں احساس ہو جائے گا نصرتؔ
یہاں ہر آدمی تم سے بڑا ہے