پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نصرت چودھری کی غزلیں — Nusrat Chaudhary Ghazals

نصرت چودھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوابوں کی انجمن میں اجالا نہ ہو سکا (غزل)

خوابوں کی انجمن میں اجالا نہ ہو سکا

چاہا تھا پھر بھی آج سویرا نہ ہو سکا

احساس کی رگوں سے ٹپکتا رہا لہو

ہم کو کسی سے پیار دوبارہ نہ ہو سکا

آنسو مرے مزاج کا حصہ تو بن گئے

جھکنا کسی بھی طور گوارا نہ ہو سکا

میں شمع انتظار فروزاں کئے رہی

چاہت کا اس طرف سے اشارہ نہ ہو سکا

مرنے کی آرزو میں شب و روز جل بجھے

نصرتؔ کا زندگی سے کنارا نہ ہو سکا

دل میں ہے ارمان کمسن کے لئے (غزل)

دل میں ہے ارمان کمسن کے لئے

جی رہے ہیں سب اسی دن کے لئے

ظرف پہ تھا میرے شاید شک انہیں

دوستوں نے بدلے گن گن کے لئے

ہم سفر جب کوئی بھی نہ مل سکا

پیر میں چبھتے ہوئے تنکے لیے

اصل چہرے دیکھنا چاہو اگر

آئنے لے آؤ باطن کے لئے

موت سے جب زندگی ڈرنے لگے

دن گنو نصرتؔ جی اس دن کے لئے

زندگی کے ان گھٹا ٹوپ اندھیروں میں (نظم)

زندگی کے ان گھٹا ٹوپ اندھیروں میں

جب ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دیتا تھا

نہ جانے کون تھا وہ

جو اس اجنبی سڑک پر مجھے تنہا چھوڑ گیا

اور میں اپنی سرد ہتھیلی پر

تقدیر کی لکیر تلاش کرتی رہی

غور سے دیکھا تو اندازہ ہوا

اب ہتھیلی کی سلیٹ سے ہر لکیر مٹ چکی تھی

اور اب میں اپنی زندگی کے خرابے میں

تنہا کھڑی تھی

اور پھر یوں ہوا

میں نے کچھ سوچ کر

اپنی ہتھیلی پر تیرا نام لکھا اور اسے چوم لیا

دیکھتے ہی دیکھتے

میرے من کے آنگن میں ایک چراغ روشن ہو گیا

اے میری تقدیر کے چاند

اب میں تیرا چہرہ دیکھ سکتی ہوں

مزید غزلیں از نصرت چودھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں