نصرت عتیق گورکھپور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم تمہیں بد دعا نہیں دیں گے (غزل)
ہم تمہیں بد دعا نہیں دیں گے
اتنی لمبی سزا نہیں دیں گے
غم کو محسوس کیجیے صاحب
غم تو ایسے مزہ نہیں دیں گے
اپنی بد صورتی کرو محسوس
ہم تمہیں آئنہ نہیں دیں گے
یہ مرض ٹھیک ہی نہیں ہوگا
آپ جب تک دوا نہیں دیں گے
تم کو کر دیں گے بس سپرد خدا
ہم کوئی فیصلہ نہیں دیں گے
خود ہی خوش ہوئیے وفا کر کے
لوگ داد وفا نہیں دیں گے
چین ان کو نہ آئے گا جب تک
اپنے احساں گنا نہیں دیں گے
اپنی بے لوث چاہتوں کا کبھی
ہم تمہیں واسطہ نہیں دیں گے
تم مرے دوست رہ چکے ہو کبھی
اتنی جلدی بھلا نہیں دیں گے
دل جو ماں باپ کا دکھایا تو
دل سے وہ بھی دعا نہیں دیں گے
ہم مبلغ ہیں عشق کے نصرتؔ
نفرتوں کو ہوا نہیں دیں گے
نہ کوئی خواہش نہ کوئی حسرت نہ کوئی رنج و ملال مجھ کو (غزل)
نہ کوئی خواہش نہ کوئی حسرت نہ کوئی رنج و ملال مجھ کو
رلا رہا ہے کئی دنوں سے نہ جانے کس کا خیال مجھ کو
یہ کس نے نیندیں چرائیں میری یہ کس نے میرا سکون چھینا
یہ کون ہے جو کہ کر رہا ہے ذرا ذرا پائمال مجھ کو
مرے تصور کی چاندنی میں تمہارا چہرہ چمک رہا ہے
نہ گل کا چرچا کرے کوئی اب نہ چاند کی دے مثال مجھ کو
مرا تجھے گر خیال ہے کچھ مرے دکھوں کا ملال ہے کچھ
بکھر نہ جاؤں میں ٹوٹ کر کے خدارا آ کے سنبھال مجھ کو
ابھر رہی ہوں غموں سے نصرتؔ ملی ہے ایسی مجھے مسرت
کوئی بتا دے یہ حاسدوں سے ابھی نہیں ہے زوال مجھ کو