Nusrat Gwaliari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چاند کی کشتی سجی ہے اور میں (غزل)
چاند کی کشتی سجی ہے اور میں
جھیل ہے اک جل پری ہے اور میں
لو دیے کی سسکیاں لیتی ہوئی
ٹمٹماتی روشنی ہے اور میں
دھوپ قرنوں کی مسافت سے نڈھال
تیز لمحوں کی ندی ہے اور میں
گوش بر آواز ہیں دیوار و در
بے وضاحت نغمگی ہے اور میں
پھر اسی آواز کا موہوم عکس
پھر وہی حرف خفی ہے اور میں
علم کا صحرا ہے تا حد نظر
اک مسلسل تشنگی ہے اور میں
پھر وہی بے نام پاگل خواہشیں
پھر وہی اندھی گلی ہے اور میں
بکھرے بکھرے خواب ہیں میرے لیے
ریزہ ریزہ زندگی ہے اور میں
نیند سے بوجھل ہیں پلکیں رات کی
اک ادھوری ڈائری ہے اور میں
شفق کا رنگ کا خوشبو کا خواب تھا میں بھی (غزل)
شفق کا رنگ کا خوشبو کا خواب تھا میں بھی
پرائے ہاتھ میں کوئی گلاب تھا میں بھی
نہ جانے کتنے زمانے مرے وجود میں تھے
خود اپنی ذات میں اک انقلاب تھا میں بھی
کہانیاں تو بہت تھیں مگر لکھی نہ گئیں
کسی کے ہاتھ میں سادہ کتاب تھا میں بھی
نہ جانے کیوں نظر انداز کر دیا مجھ کو
جہاں پہ تم تھے وہیں دستیاب تھا میں بھی
اندھیرے بونے کا ان کو جنون تھا جیسے
چمک میں اپنی جگہ آفتاب تھا میں بھی
تمہی نہیں تھے سمندر کے پانیوں کی طرح
کبھی سکون کبھی اضطراب تھا میں بھی
نہ پوچھو کتنا مزا گفتگو میں آیا ہے
ذہین وہ بھی تھا حاضر جواب تھا میں بھی