ندرت کانپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت کا زمانا یاد آیا (غزل)
محبت کا زمانا یاد آیا
مجھے اپنا فسانا یاد آیا
جبیں کی شورشیں اللہ اکبر
پھر ان کا آستانہ یاد آیا
وہ روداد الم پھر یاد آئی
ترا آنسو بہانا یاد آیا
اسیروں کو قفس کی زندگی میں
نشیمن کا زمانا یاد آیہ
لب گل کا تبسم کچھ نہ پوچھو
تمہارا مسکرانا یاد آیا
وہ عالم اپنی ازخود رفتگی کا
وہ ان کا پاس آنہ یاد آیا
گلے شکوے کہاں تک ان سے ندرتؔ
یہ کب کا دوستانہ یاد آیا
اک بار پھر کہو اسی ناز و ادا کے ساتھ (غزل)
اک بار پھر کہو اسی ناز و ادا کے ساتھ
تو نے تمام عمر گزاری وفا کے ساتھ
ساقی شراب ناب مزہ دے رہی ہے اور
اس اتفاق وقت اس ابر و ہوا کے ساتھ
یہ کیا بتائیں ہم کہ شریک سفر تھا کون
منزل پہ آ گئے ہیں کسی رہنما کے ساتھ
جور و جفا میں بخل نگاہ کرم میں عذر
یہ کیا سلوک ہے دل درد آشنا کے ساتھ
اس سنگ دل کو رحم نہ آئے تو کیا کروں
سر رکھ دیا ہے پاؤں پہ کس التجا کے ساتھ
اس التفات خاص پہ قربان جان و دل
وہ مجھ سے پیش آئے ہیں کس اعتنا کے ساتھ
ہم نے یہ دل سے عہد کیا ہے کہ تا حیات
ندرتؔ وفا کریں گے ہم اس بے وفا کے ساتھ