پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نعمان اظہر مصباحی کی غزلیں — Nouman Azhar Misbahi Ghazals

نعمان اظہر مصباحی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سجی ہے محفل رنگ و طرب اداس ہیں ہم (غزل)

سجی ہے محفل رنگ و طرب اداس ہیں ہم

یہ رنگ لائی ہے اس کی طلب اداس ہیں ہم

فقط خموش ہمیں دیکھ کوئی بات نہ کر

تجھے خبر نہیں اے بے ادب اداس ہیں ہم

ہمارے لب پہ تبسم کو دیکھ کر خوش ہے

اسے خبر ہی نہیں زیر لب اداس ہیں ہم

ترا فراق سبب تھا کبھی اداسی کا

یہ حال کیا ہے کہ اب بے سبب اداس ہیں ہم

کسی بھی بزم مسرت میں جی نہیں لگتا

عجیب اپنی طبیعت عجب اداس ہیں ہم

تمہیں ہے زعم بہت درد آشنائی کا

ہمارے حال کو سمجھو گے کب اداس ہیں ہم

وہ غم شناس عطا کر خدا جو یہ سمجھے

کہ کب اداس نہیں اور کب اداس ہیں ہم

متاع زیست بھی نذر غم معاش ہوئی

بچا نہ پائے تمہاری طلب اداس ہیں ہم

جو راز دل میں نہاں تھا وہ ہو گیا اظہرؔ

کہ آج ٹوٹ گیا قفل لب اداس ہیں ہم

جب ضرورت تھی مجھے حوصلہ افزائی کی (غزل)

جب ضرورت تھی مجھے حوصلہ افزائی کی

سازشیں کیں مرے احباب نے پسپائی کی

آ گئیں راس فضائیں مجھے تنہائی کی

اب ضرورت ہی نہیں انجمن آرائی کی

آج آنکھوں نے سر بزم بھرم توڑ دیا

شہر میں ہو گئی تشہیر شناسائی کی

کوئی ٹھہراؤ کبھی جن کی طبیعت میں نہ تھا

داد پاتے ہیں وہی لوگ شکیبائی کی

دل کے زخموں کو یہ احسان گوارا ہی نہیں

آپ زحمت نہ کریں میری مسیحائی کی

وہی بہتر ہے کہے جس کو زمانہ بہتر

عادت اچھی نہیں ہے دوست خود آرائی کی

اس نے اک بار کہا تھا مجھے خاموش رہو

پھر کہاں میں نے کبھی جرأت گویائی کی

طرز بدلا نہ اصولوں سے ہٹے ہم اظہرؔ

ورنہ ہر دور میں لوگوں نے جبیں سائی کی

مزید غزلیں از نعمان اظہر مصباحی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں