Noshi Gilani کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبتیں جب شمار کرنا تو سازشیں بھی شمار کرنا (غزل)
محبتیں جب شمار کرنا تو سازشیں بھی شمار کرنا
جو میرے حصے میں آئی ہیں وہ اذیتیں بھی شمار کرنا
جلائے رکھوں گی صبح تک میں تمہارے رستوں میں اپنی آنکھیں
مگر کہیں ضبط ٹوٹ جائے تو بارشیں بھی شمار کرنا
جو حرف لوح وفا پہ لکھے ہوئے ہیں ان کو بھی دیکھ لینا
جو رائیگاں ہو گئیں وہ ساری عبارتیں بھی شمار کرنا
یہ سردیوں کا اداس موسم کہ دھڑکنیں برف ہو گئی ہیں
جب ان کی یخ بستگی پرکھنا تمازتیں بھی شمار کرنا
تم اپنی مجبوریوں کے قصے ضرور لکھنا وضاحتوں سے
جو میری آنکھوں میں جل بجھی ہیں وہ خواہشیں بھی شمار کرنا
اب کس سے کہیں اور کون سنے جو حال تمہارے بعد ہوا (غزل)
اب کس سے کہیں اور کون سنے جو حال تمہارے بعد ہوا
اس دل کی جھیل سی آنکھوں میں اک خواب بہت برباد ہوا
یہ ہجر ہوا بھی دشمن ہے اس نام کے سارے رنگوں کی
وہ نام جو میرے ہونٹوں پر خوشبو کی طرح آباد ہوا
اس شہر میں کتنے چہرے تھے کچھ یاد نہیں سب بھول گئے
اک شخص کتابوں جیسا تھا وہ شخص زبانی یاد ہوا
وہ اپنے گاؤں کی گلیاں تھیں دل جن میں ناچتا گاتا تھا
اب اس سے فرق نہیں پڑتا ناشاد ہوا یا شاد ہوا
بے نام ستائش رہتی تھی ان گہری سانولی آنکھوں میں
ایسا تو کبھی سوچا بھی نہ تھا دل اب جتنا بیداد ہوا
ہمیں کس ہاتھ کی محبوب ریکھاؤں میں رہنا تھا (نظم)
ہمیں کس ہاتھ کی محبوب ریکھاؤں میں رہنا تھا
کس دل میں اترنا تھا
چمکنا تھا کن آنکھوں میں
کہاں پر پھول بننا تھا
تو کب خوشبو کی صورت کوئے جاناں سے گزرنا تھا
سمجھ میں کچھ نہیں آتا
ہمیں کس قریۂ آب و ہوا کے سنگ رہنا تھا
کہاں شامیں گزرنی تھیں
کہاں مہتاب راتوں میں کسی کو یاد کرنا تھا
کسی کو بھول جانا تھا
کہاں پر صبح کا آغاز کرنا تھا کہاں سورج نکلنا تھا
سفر کے دشت میں تنہا تھکے ہارے مسافر کو
کہاں خیمہ لگانا تھا
کہاں دریا میں کشتی ڈالنا تھی اور کس ساحل اترنا تھا