نور الحسن نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے آنگن کا نیا رنگ نظر آتا ہے (غزل)
میرے آنگن کا نیا رنگ نظر آتا ہے
شام ہوتی ہے تو اک چاند اتر آتا ہے
کیا ہوا ہے مجھے کیوں گھر پہ مرے کل شب سے
جو بھی آتا ہے وہ با دیدۂ تر آتا ہے
جو بھی کہنا ہو وہ کہہ دیتی ہیں لفظوں کے بغیر
بات کرنے کا ان آنکھوں کو ہنر آتا ہے
اس کے سائے میں کئی عہد گزارے گئے ہیں
راستے میں جو مرے بوڑھا شجر آتا ہے
ایسا منظر کہاں رکتا ہے کسی کے روکے
باندھ کر پاؤں میں اپنے جو بھنور آتا ہے
ختم جس پر ہو گزرتے ہوئے لمحوں کا سفر
اک نیا سال اسی لمحے سے ابھر آتا ہے
ایک مدت سے بلا ناغہ سر شام اے نورؔ
قافلہ شہر نوا کا مرے گھر آتا ہے
کوئی تو ہے جو کہیں مجھ کو یاد کرتا ہے (غزل)
کوئی تو ہے جو کہیں مجھ کو یاد کرتا ہے
جو یہ نہیں ہے تو کیوں دل مرا دھڑکتا ہے
کسی بھی آنکھ نے دیکھا نہیں جسے اب تک
اسی چراغ سے سب کا چراغ جلتا ہے
بہت دنوں میں وہ بام جمال پر آیا
بہت دنوں میں کھلا چاند کیوں چمکتا ہے
تمام رات تعاقب کسی کا کرتے ہوئے
مرا خیال بہت دور جا نکلتا ہے
جسے کبھی مرے بچپن نے کھیل ڈالا تھا
وہی پرندہ ہر اک شاخ پر چہکتا ہے
پلٹ کے دیکھوں تو آتا نہیں نظر کوئی
نہ جانے کون مرے ساتھ ساتھ چلتا ہے
ہر ایک شام نظارے نئے نمود کریں
ہر ایک شام فلک پیرہن بدلتا ہے
میں اپنے ذہن سے اکثر سوال کرتا ہوں
یہ کون زیست کے خاکے میں رنگ بھرتا ہے
اگرچہ نورؔ ابھی دیوار جاں میں خم بھی نہیں
زیاں کے خوف سے مجھ میں کوئی سسکتا ہے