Noorul Huda Noor Zabihi Banarsi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کار ہستی خار و گل کے درمیاں بنتا گیا (غزل)
کار ہستی خار و گل کے درمیاں بنتا گیا
بجلیاں گرتی گئیں اور آشیاں بنتا گیا
اشک خوں بہنے کا چہرے پر نشاں بنتا گیا
میں مجسم درد و غم کی داستاں بنتا گیا
آہ و گریہ نا مناسب ضبط فطرت کے خلاف
درد میرے واسطے اک امتحاں بنتا گیا
ہر قدم ابھرا کیے نقش کف پائے جمال
گل پہ گل کھلتے گئے اور گلستاں بنتا گیا
وقت نے گلچیں کے ہاتھوں قسمت گل سونپ دی
یعنی ہر باغی چمن کا باغباں بنتا گیا
سچ تو یہ ہے انقلابات زمانہ کے طفیل
ایک ایک رہزن امیر کارواں بنتا گیا
سب مجھے کہتے ہیں خوشہ چین گلزار ذبیحؔ
نورؔ انہیں کے فیض سے رنگیں بیاں بنتا گیا
مجھے کچھ فکر اے ہمدم نہیں ہے (غزل)
مجھے کچھ فکر اے ہمدم نہیں ہے
یہی غم ہے کہ کوئی غم نہیں ہے
گلے لگ جا تو ہی اے نا مرادی
کہ اب اپنا کوئی ہمدم نہیں ہے
قرینے سے سجے ہیں جام و مینا
نظام میکدہ برہم نہیں ہے
زمانے کی نظر ہے بدلی بدلی
کوئی اپنا شریک غم نہیں ہے
ہمارے اشک کے قطرے سے بچنا
کہ چنگاری ہے یہ شبنم نہیں ہے
اٹھے گا نورؔ کیونکر بار فرقت
یہ غم دو چار دن کا غم نہیں ہے