پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نورین طلعت عروبہ کی غزلیں — Noorain Talat Arooba Ghazals

نورین طلعت عروبہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دونوں کو آ سکیں نہ نبھانی محبتیں (غزل)

دونوں کو آ سکیں نہ نبھانی محبتیں

اب پڑ رہی ہیں ہم کو بھلانی محبتیں

سب سر بسر فریب ہیں کیا ان کا اعتبار

یہ پیار حسن عشق جوانی محبتیں

جانے وہ آج کون سے رستے سے آئے گھر

ہر موڑ ہر گلی میں بچھانی محبتیں

کن کن رفاقتوں کے دئے واسطے مگر

اس کو نہ یاد آئیں پرانی محبتیں

گزری رتوں کے زخم ہی اب تک بھرے نہیں

پھر اور کیا کسی سے بڑھانی محبتیں

یا دل کی حالتوں کا بیاں سب کے سامنے

یا اپنے آپ سے بھی چھپانی محبتیں

نفرت کے واسطے کبھی فرصت نہیں ملی

اپنی ہے مختصر سی کہانی محبتیں

یاد کر کے تو گئے وقت کو روتا ہوگا (غزل)

یاد کر کے تو گئے وقت کو روتا ہوگا

چاند جب جب ترے آنگن میں اترتا ہوگا

یوں ہی مرجھا سے گئے ہوں گے مہکتے گجرے

جانے والا نہ مگر لوٹ کے آیا ہوگا

جو مرا نام بھی لیتا تھا دعاؤں کی طرح

سوچتی ہوں مجھے کس طور سے بھولا ہوگا

چاند ہر گھر میں یہی ہوگا مگر اس کے سبب

ہنس پڑا ہوگا کوئی اور کوئی رویا ہوگا

کوئی گریہ بھی نہ محروم تمنا نہ کیا

حوصلہ وقت نے کیا کیا نہ سکھایا ہوگا

جب مرے ہاتھ تھے روئی ہوئی نم آنکھوں پر

اس نے جاتے ہوئے مڑ کر مجھے دیکھا ہوگا

مشک بار آئی ہے یادوں کے دریچے سے ہوا

کوئی گزرا ہوا لمحہ کہیں مہکا ہوگا

مزید غزلیں از نورین طلعت عروبہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں