پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Noorain Faizabadi کی غزلیں — Noorain Faizabadi Ghazals

Noorain Faizabadi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پاس آ کے بتاؤ تو ذرا بھول گئے ہیں (غزل)

پاس آ کے بتاؤ تو ذرا بھول گئے ہیں

ہم شہر محبت کا پتہ بھول گئے ہیں

آنا تھا ترے پاس چلے آئے ہیں لیکن

کیا بات ہے مقصود تھا کیا بھول گئے ہیں

دنیا کی کشش نے ہمیں دیوانہ کیا ہے

کیا شے ہے محبت میں وفا بھول گئے ہیں

حالات بدلتے ہی بدل جاتا ہے موسم

ہم بوئے چمن باد صبا بھول گئے ہیں

ہم نے ہی سنوارے تھے خم زلف بہاراں

ملتا ہے کہاں اس کا صلہ بھول گئے ہیں

وہ آج مخاطب ہوئے کچھ ایسی ادا سے

اک لفظ مروت ہے لگا بھول گئے ہیں

قربت کے تقاضے بھی عجب ہوتے ہیں نورینؔ

کرنا تھا ہمیں ان سے گلہ بھول گئے ہیں

اخلاق سے اعلیٰ ہوتا ہے کردار سے بہتر ہوتا ہے (غزل)

اخلاق سے اعلیٰ ہوتا ہے کردار سے بہتر ہوتا ہے

ہر بار نظر کرنا خود پر ہر بار سے بہتر ہوتا ہے

گر وصل نہیں تو ہجر سہی ہم اس کے سہارے جی لیں گے

دروازہ بھلے ہی بند رہے دیوار سے بہتر ہوتا ہے

ہر شے کی اپنی خوبی ہے ہر شے میں اس کا جلوہ ہے

یہ کس نے کہا ہے گلچیں سے گل خار سے بہتر ہوتا ہے

کیوں روز کی خبریں پڑھتے ہو کیوں اپنے سر کو دھنتے ہو

انسان کا چہرا پڑھ لینا اخبار سے بہتر ہوتا ہے

جب عاشق سچا عاشق ہو معشوق نہیں باقی رہتا

جب دائرہ بننے لگتا ہے پرکار سے بہتر ہوتا ہے

لفظوں کی ضرورت ہے ہی نہیں کیوں لب کو زحمت دی جائے

اپنے کو تماشہ کر لینا انکار سے بہتر ہوتا ہے

مزید غزلیں از Noorain Faizabadi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں