نور تقی نور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تہجد میں وہ رنگ و بو رات بھر (غزل)
تہجد میں وہ رنگ و بو رات بھر
خدا سے رہی گفتگو رات بھر
جو خوابوں میں لہرائے پھولوں کے جام
مہکتے رہے بے سبو رات بھر
ہوا جو سر شام دل پاش پاش
کیا تار غم سے رفو رات بھر
وہ تنہائی کا خوبصورت ہجوم
وہ میلہ سر آب جو رات بھر
چمکتے رہے آنسوؤں کے چراغ
کیا یاد انہیں با وضو رات بھر
یہ کمرے سے کیسی مہک آئی تھی
وہاں تو نہ تھے میں نہ تو رات بھر
تمہیں نورؔ خوشبو نے ڈھونڈا بہت
کہاں تم رہے اے گرو رات بھر
خوف کی ایسی نہ بیماری لگے (غزل)
خوف کی ایسی نہ بیماری لگے
سچ وہ بولے تو اداکاری لگے
صاحبوں سے ہر اجازت لو مگر
مسکرانا بھی نہ سرکاری لگے
سب میاں حالات پر موقوف ہے
پھول بھی تلوار سے بھاری لگے
اے فرشتو سر نہ ڈھلکانا مرا
موت بھی آئے تو سرداری لگے
بھاڑ میں جائے یہ تہذیب کلام
بات کہنے میں بھی دشواری لگے
وہ غزل آباد میں رہتا ہے نور
کیوں نہ اس کا ہر سخن کاری لگے
مزید غزلیں از نور تقی نور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں