پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

نور قریشی کی غزلیں — Noor Qureshi Ghazals

نور قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہماری سمت ذرا اب وہ دیکھتا کم ہے (غزل)

ہماری سمت ذرا اب وہ دیکھتا کم ہے

تعلقات تو بہتر ہیں واسطہ کم ہے

ملا تو کرتا ہے سب سے وہ مسکراتے ہوئے

مگر خلوص جسے کہیے وہ ذرا کم ہے

خلوص و پیار کے چرچے ہیں ہر طرف لیکن

اس عہد نو میں مگر دوستو وفا کم ہے

ہر ایک شخص سمجھتا ہے رہنما خود کو

یہی سبب ہے یہاں پر جو قافلہ کم ہے

ہمیشہ ہچکیاں آتی ہیں ان کی یادوں کی

یہ کس نے کہہ دیا یادوں کا سلسلہ کم ہے

میں مصلحت سے تعلق ذرا نہیں رکھتا

یہی سبب ہے کہ لوگوں سے رابطہ کم ہے

حسین اس لیے خود کو سبھی سمجھتے ہیں

کہ اپنے شہر میں اے نورؔ آئنہ کم ہے

زندگی کے نام سے واقف نہیں (غزل)

زندگی کے نام سے واقف نہیں

جو غم و آلام سے واقف نہیں

تم نے دیکھا ہے فقط صبحوں کا نور

تم سواد شام سے واقف نہیں

ہو میسر جس سے ناکامی فقط

ہم تو ایسے کام سے واقف نہیں

کیا وہ سمجھے گا جہاں کی چال جو

گردش ایام سے واقف نہیں

چل پڑے ہو راہ الفت پر مگر

نورؔ تم انجام سے واقف نہیں

مزید غزلیں از نور قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں