پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Noor Mohammad Noor کی غزلیں — Noor Mohammad Noor Ghazals

Noor Mohammad Noor کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق سے عشق کے انجام کی باتیں ہوں گی (غزل)

عشق سے عشق کے انجام کی باتیں ہوں گی

صبح تک آپ کی پھر شام سے باتیں ہوں گی

دور منزل ہے ہوائیں بھی مخالف سی ہیں

دو گھڑی بیٹھو تو آرام سے باتیں ہوں گی

جس طرح ہوتی ہے رندوں کی خرابات سے بات

اس طرح گردش ایام سے باتیں ہوں گی

ساقیا اب تو عنایت کی نظر ہو جائے

کب تلک مجھ سے تہی جام کی باتیں ہوں گی

ناز کرتے ہیں اگر اپنے خد و خال پہ یہ

آپ کے حسن کی اصنام سے باتیں ہوں گی

انقلاب آئے تو پھر ہمت مرداں کی قسم

وقت کی وقت کے احکام سے باتیں ہوں گی

آؤ کچھ حوصلۂ دل سے بھی لیں کام اے نورؔ

کب تک اب حسرت ناکام سے باتیں ہوں گی

مقتل میں اپنی موت کا ارماں لئے ہوئے (غزل)

مقتل میں اپنی موت کا ارماں لئے ہوئے

ہم جا رہے ہیں زیست کا ساماں لئے ہوئے

آتا ہے کوئی درد کا درماں لئے ہوئے

اے بخت جاگ گردش دوراں لئے ہوئے

اے وقت آج پھر سے انہیں تار تار کر

بیٹھے ہیں ہم بھی جیب و گریباں لئے ہوئے

نکلے ہیں اشک ضبط کے دامن کو چیر کر

پہلو میں اپنے شورش طوفاں لئے ہوئے

بجھ جائیں پھر نہ گور غریباں کے یہ چراغ

خوف ہوا سے ہیں تہ داماں لئے ہوئے

جاتا ہے کیا حریف سوئے کوئے دوست پھر

دام ہوس میں دانۂ پنہاں لئے ہوئے

خا لی شکست فتح مبیں کے یقین سے

ہاں نورؔ اب کے ہمت مرداں لئے ہوئے

مزید غزلیں از Noor Mohammad Noor ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں