Noor Mohammad Yaas کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جب تمہیں دیکھا نہ تھا آنکھوں میں کتنے سائے تھے (غزل)
جب تمہیں دیکھا نہ تھا آنکھوں میں کتنے سائے تھے
میں اسی دن سے اکیلا ہوں کہ جب تم آئے تھے
آگ بھڑکی جب تو میں یہ سوچتا ہی رہ گیا
کاغذی کپڑے مجھے کس وہم نے پہنائے تھے
جانے کس نے ہم کو سورج سے کیا تھا منحرف
جانے کس نے دھوپ میں وہ آئنے چمکائے تھے
آسمانوں سے ہوا تھا نور و نزہت کا نزول
آبشار اونچے پہاڑوں سے اتر کر آئے تھے
منظروں میں تھی مرے حسن نظر سے آب و تاب
پتھروں کے دل مرے احساس نے دھڑکائے تھے
آس کے سائے میں ہم سہتے رہے کیسا عذاب
آگ تھی قدموں تلے اور سر پہ بادل چھائے تھے
دھوپ میں پھیلا دئیے کیوں تم نے یادوں کے گلاب
کیا اسی دن کے لیے مجھ سے یہ خط لکھوائے تھے
یہاں الگ سے کوئی کب حصار میرا ہے (غزل)
یہاں الگ سے کوئی کب حصار میرا ہے
مجھے سمیٹے ہوئے خود غبار میرا ہے
نہ چھین پائے گا مجھ سے کوئی نقوش خیال
یہ پھول میرے ہیں یہ شاخسار میرا ہے
چلوں تو دھوپ کا بادل ہوں میں خود اپنی جگہ
رکوں تو ہر شجر سایہ دار میرا ہے
پڑھوں تو نامہ کسی کا ہے چہرہ چہرہ مجھے
لکھوں تو خامہ حقیقت نگار میرا ہے
جگہ نہ دے مجھے پلکوں پہ کم نہیں یہ بھی
کہ موجزن تری آنکھوں میں پیار میرا ہے
حصار باندھ لے مجھ میں کہا اداسی نے
کوئی نہ آئے یہاں یہ حصار میرا ہے
نہ جانے کب سے یہاں منتظر تھا میں اے یاسؔ
خبر جب آئی وہاں انتظار میرا ہے