Noor Ludhiyanwi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جی کر کبھی مرے کبھی مر کر جیا کئے (غزل)
جی کر کبھی مرے کبھی مر کر جیا کئے
کیا کہئے ہجر یار میں کیا کیا کیا کئے
بیٹھا ہوں پھر تصور زلف دوتا کئے
دل کو اسیر حلقۂ دام بلا کئے
میں کیا ہوں میری کوشش ناکام کیا ملا
بگڑے ہوئے ترے ہی کرم سے بنا کئے
وہ راہ تیرے وحشی نے طے کر لئے تمام
جن میں جناب خضر بھٹکتے پھرا کئے
اس نے مری امید کے دامن کو بھر دیا
میں نے کبھی دراز جو دست دعا کئے
اللہ رے خود نمائیٔ حسن فریب کار
آئینہ دیکھ دیکھ وہ حیراں ہوا کئے
ترچھی نظر کو پھر بھی رہا پاس احتیاط
تیروں نے پر نشانے نہ ہرگز خطا کئے
کشتی کو نورؔ بحر حوادث میں ڈال کر
بیٹھا ہے نا خدا بھی سپرد خدا کئے
میں کیا چاہتا ہوں میں کیا چاہتا ہوں (نظم)
میں کیا چاہتا ہوں میں کیا چاہتا ہوں
ہر اک چیز کو بھولنا چاہتا ہوں
مری چاہ کو دیکھ کیا چاہتا ہوں
قسم چاہتا ہوں جفا چاہتا ہوں
محبت میں تیری مٹا چاہتا ہوں
فنا ہو کے لطف بقا چاہتا ہوں
وہی پیاری پیاری ادائیں تمہاری
میں اک بار پھر دیکھنا چاہتا ہوں
مدد المدد بے خودیٔ محبت
میں اپنے تئیں ڈھونڈھنا چاہتا ہوں
تری چاہ کا چاہ کہتے ہیں جس کو
اسی چاہ میں ڈوبنا چاہتا ہوں
مجھے نورؔ ہے درد دل کی تمنا
مگر درد بھی لا دوا چاہتا ہوں