Noor Jahan Sarwat کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ایک نظر میں مجھے پہچان گیا ہے (غزل)
وہ ایک نظر میں مجھے پہچان گیا ہے
جو بیتی ہے دل پر مرے سب جان گیا ہے
رہنے لگا دل اس کے تصور سے گریزاں
وحشی ہے مگر میرا کہا مان گیا ہے
تھا ساتھ نبھانے کا یقیں اس کی نظر میں
محفل سے مری اٹھ کے جو انجان گیا ہے
اوروں پر اثر کیا ہوا اس ہوش ربا کا
بس اتنی خبر ہے مرا ایمان گیا ہے
چہرے پہ مرے درد کی پرچھائیں جو دیکھی
بے درد مرے گھر سے پریشان گیا ہے
اس بھیڑ میں ثروتؔ نظر آنے لگی تنہا
کس کوچے میں تیرا دل نادان گیا ہے
کون تنہائی کا احساس دلاتا ہے مجھے (غزل)
کون تنہائی کا احساس دلاتا ہے مجھے
یہ بھرا شہر بھی تنہا نظر آتا ہے مجھے
جانے کس موڑ پہ کھو جائے اندھیرے میں کہیں
وہ تو خود سایہ ہے جو راہ دکھاتا ہے مجھے
اس کی پلکوں سے ڈھلک جاؤں نہ آنسو بن کر
خواب کی طرح جو آنکھوں میں سجاتا ہے مجھے
عکس تا عکس بدل سکتی ہوں چہرہ میں بھی
میرا ماضی مگر آئینہ دکھاتا ہے مجھے
وہ بھی پہچان نہ پایا مجھے اپنوں کی طرح
پھول بھی کہتا ہے پتھر بھی بتاتا ہے مجھے
اجنبی لگنے لگا ہے مجھے گھر کا آنگن
کیا کوئی شہر نگاراں سے بلاتا ہے مجھے
کسی رت میں بھی مری آس نہ ٹوٹی ثروتؔ
ہر نیا جھونکا خلاؤں میں اڑاتا ہے مجھے
تلخیاں جب بڑھیں (نظم)
تلخیاں جب بڑھیں
شہر ادراک کی
سارے رشتے کسی بھیڑ میں کھو گئے
قربتیں ذہن خلاق کی یوں بڑھیں
ایک تصویر ابھری مگر مٹ گئی
قربتیں
فاصلے
چاہتیں
نفرتیں
ذہن سادہ میں پلتی رہیں روز و شب
اور پھر ایک دن
سارے رشتے سبھی قربتیں
اور ہم
جانے کس موڑ پر
کس اندھیرے بھنور میں بکھرتے گئے