پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Noor Bijnauri کی غزلیں — Noor Bijnauri Ghazals

Noor Bijnauri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کے صحرا میں کوئی آس کا جگنو بھی نہیں (غزل)

دل کے صحرا میں کوئی آس کا جگنو بھی نہیں

اتنا رویا ہوں کہ اب آنکھ میں آنسو بھی نہیں

اتنی بے رحم نہ تھی زیست کی دوپہر کبھی

ان خرابوں میں کہیں سایۂ گیسو بھی نہیں

کاسۂ درد لیے پھرتی ہے گلشن کی ہوا

میرے دامن میں ترے پیار کی خوشبو بھی نہیں

چھن گیا میری نگاہوں سے بھی احساس جمال

تیری تصویر میں پہلا سا وہ جادو بھی نہیں

موج در موج ترے غم کی شفق کھلتی ہے

مجھ کو اس سلسلۂ رنگ پہ قابو بھی نہیں

دل وہ کم بخت کہ دھڑکے ہی چلا جاتا ہے

یہ الگ بات کہ تو زینت پہلو بھی نہیں

یہ عجب راہ گزر ہے کہ چٹانیں تو بہت

اور سہارے کو تری یاد کے بازو بھی نہیں

حادثہ یہ بھی گزرتا تھا مری جاں ہم پر

پیکر سنگ ہیں دو، میں بھی نہیں تو بھی نہیں

شاخ شاخ پر موسم گل نے گجرے سے لٹکائے تھے (غزل)

شاخ شاخ پر موسم گل نے گجرے سے لٹکائے تھے

میں نے جس دم ہاتھ بڑھایا سارے پھول پرائے تھے

کتنے درد چمک اٹھتے ہیں فرقت کے سناٹے میں

رات رات بھر جاگ کے ہم نے خود پہ زخم لگائے تھے

تیرے غموں کا ذکر ہی کیا اب جانے دے یہ بات نہ چھیڑ

ہم دیوانے ملک جنوں میں بخت‌ سکندر لائے تھے

دل کی ویراں بستی مجھ سے اکثر پوچھا کرتی ہے

بستے ہیں کس دیس میں اب وہ لوگ یہاں جو آئے تھے

پچھلی رات کو تارے اب بھی جھلمل کرتے ہیں

کس کو خبر ہے اک شب ہم نے کتنے اشک بہائے تھے

آج جہاں کی تاریکی سے دنیا بچ کر چلتی ہے

ہم نے اس ویران محل میں لاکھوں دیپ جلائے تھے

مجھ کو ان سے پیار نہیں ہے مجھ کو ان کے نام سے کیا

آنکھیں یوں ہی بھر آئی تھیں ہونٹ یوں ہی تھرائے تھے

مزید غزلیں از Noor Bijnauri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں